چیسٹ پین یونٹس کا قیام حکومت سندھ کا فلیگ شپ پراجیکٹ ،معیاری علاج کا دائرہ پورے صوبہ میں پھیلادیا:بیرسٹر مرتضیٰ وہاب
کراچی( ڈیلی پاکستان آن لائن)پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما اور وزیر اعلیٰ سندھ کے مشیر قانون بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ این آئی سی وی ڈی کے چیسٹ پین یونٹس کا قیام حکومت سندھ کا فلیگ شپ پراجیکٹ ہے،این آئی سی وی ڈی کے معیاری علاج معالجہ کی سہولت کا دائرہ کار پورے صوبہ میں پھیلایا گیا۔
اورنگی ٹاؤن میں چیسٹ پین یونٹ کے قیام کی افتتاحی تقریب میں میڈیا کے نمائندوں سےگفتگو کرتےہوئےبیرسٹر مرتضیٰ وہاب نےکہاکہ صحت کےشعبہ میں دل کےامراض کا علاج بہت گراں ہے مگرحکومت سندھ بلا تخصیص تمام پاکستانیوں کو یہ سہولت مفت فراہم کررہی ہے،یہ صوبہ کا بارہواں اور کراچی شہر کا نواں چیسٹ پین یونٹ ہے، جہاں ہارٹ اٹیک کے مریض کو فوری طور پر ابتدائی طبی امداد دے کر این آئی سی وی ڈی روانہ کردیا جاتا ہے۔بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نےکہا کہ سندھ حکومت کے اس سٹیٹ آف دی آرٹ پراجیکٹ کو دنیا سراہ رہی ہے مگر وفاقی حکومت اس کام میں رکاوٹ پیدا کرنے کے کوشش کرتی رہی ہے جسے میڈیا نے اجاگر کیا جس کے بعد وفاقی حکومت کو اس ہسپتال کو وفاقی تحویل میں لینے کا فیصلہ واپس لینا پڑا۔ انہوں نے کہا کہ شہر کراچی کو صاف کرنے کی مہم کے سربراہ وزیر اعلیٰ سندھ ہوں گے جو اس صفائی مہم کی براہِ راست نگرانی کریں گے۔