خورشید شاہ کی گرفتاری پر کشمیر کانفرنس کا بائیکاٹ کرنے والے مراد علی شاہ نے تشویشناک بات کہہ دی
اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن) وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے سید خورشید شاہ کی گرفتاری پر کہا ہے کہ کیا خورشید شاہ ملک سے بھاگے جارہے تھے ۔
پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما خورشید شاہ کی گرفتاری کی خبر ملتے ہی ن لیگ اور پیپلز پارٹی نے کشمیر کانفرنس کا بائیکاٹ کردیا تھا۔ کشمیر کانفرنس سے اٹھ کر آنے کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ ایک طرف قومی یکجہتی اور دوسری طرف خورشید شاہ کو گرفتار کرلیا گیا، کیا وہ ملک سے بھاگے جارہے تھے ۔
وزیر اعلیٰ سندھ نے کہا کہ خورشید شاہ کی گرفتاری کا اقدام بالکل بھی ٹھیک نہیں ہے، ہم میں سے کوئی نہیں بھاگے گا، جب بلاتے ہیں ہم آجاتے ہیں۔
خیال رہے کہ نیب راولپنڈی اور سکھر نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے آمدن سے زائد اثاثہ جات کے کیس میں پیپلز پارٹی کے رہنما خورشید شاہ کو بنی گالہ اسلام آباد سے گرفتار کیا ہے۔ انہیں جمعرات کو سکھر کی احتساب عدالت میں پیش کیا جائے گا۔ انہیں نیب حکام نے آمدن سے زائد اثاثہ جات کے کیس میں طلب کیا تھا لیکن خورشید شاہ نے پیش ہونے سے معذرت کرلی تھی جس کے باعث انہیں گرفتار کیا گیا ہے۔