دنیا کمزور کانہیں طاقتور کا ساتھ دیتی ہے، آزاد کشمیر اسمبلی کو پورے کشمیر کی اسمبلی ڈکلیئر کر کے پہلا اجلاس نیویارک میں کیا جائے:سراج الحق

دنیا کمزور کانہیں طاقتور کا ساتھ دیتی ہے، آزاد کشمیر اسمبلی کو پورے کشمیر کی ...
دنیا کمزور کانہیں طاقتور کا ساتھ دیتی ہے، آزاد کشمیر اسمبلی کو پورے کشمیر کی اسمبلی ڈکلیئر کر کے پہلا اجلاس نیویارک میں کیا جائے:سراج الحق

  


اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن)امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے حکومت سے مطالبہ کیاہے کہ آزاد کشمیر اسمبلی کو پورے کشمیر کی اسمبلی ڈکلیئر کر کے اس کا پہلا اجلاس نیویارک میں کیا جائے،ہمیں اقوام متحدہ سے دفعہ 370 یا 35 اے کی بحالی کا نہیں،کشمیر کی آزادی کا مطالبہ کرنا چاہیے،دنیا کمزور کانہیں طاقتور کا ساتھ دیتی ہےجب تک ہم خود نہیں اٹھیں گے،دنیا کچھ نہیں کرے گی ۔ اقوام متحدہ کشمیر کے متعلق اپنی سابقہ 23 قرار دادوں پر عملدرآمد نہیں کرواسکی اگر مزید ایک قرار داد منظور کربھی لے تواس سےکشمیریوں کو کچھ نہیں ملے گا ،وزیراعظم مظفر آباد میں قومی قیادت کو ساتھ لے کر جاتے تو بھارت کو مسئلہ کشمیر پر ہمارے اتحاد اور یکجہتی کا پیغام پہنچتا مگر انہوں نے اس موقع کو ضائع کر دیا ،قومیں اسلحہ کے ساتھ نہیں غیرت و وقار کے ساتھ زندہ رہتی ہیں،ایران اور سعودی عرب کا تنازعہ عالم اسلام کو کمزور کر رہاہے،پاکستان ترکی اور ملائیشیا کے ساتھ مل کر اس تنازعے کو حل کروانے کی کوشش کرے۔

چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کی دعوت پر پارلیمنٹرینزکشمیر کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئےسینیٹر سرا ج الحق نے کہاکہ ہم ہزار سال لڑنے کی باتیں کرتے رہے مگر ایک دن کے لیے بھی باہر نہیں نکلے،دشمن نے ہمارے 80 لاکھ کشمیری بھائیوں کو ایک بڑی جیل میں بند کر رکھاہے ،قیادت کا کام لوگوں کو ڈرانا نہیں بلکہ انتہائی مشکل حالات میں بھی حوصلہ دینا ہوتا ہے،ماضی میں ہماری حکومتوں نے ایسے فیصلے کیے جن سے کشمیر کاز کو ناقابل تلافی نقصان پہنچا،آج کشمیر کا مسئلہ عالمی فورمز پر کشمیریوں کی ان عظیم قربانیوں کی بدولت زندہ ہے جو انہوں نے شہادتوں کے نذرانے پیش کر کے دی ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ گزشتہ 45 دنوں میں ساڑھے تین سو بچیوں کو ان کے گھروں سے اٹھالیا گیاہے،مسئلہ کشمیر ہمارے لیے نظریاتی اور جغرافیائی مسئلے سے بڑھ کر غیرت اور ایمان کا مسئلہ بن چکاہے، اگر ایک بہن کی پکار پر محمد بن قاسم ؒ سمندر کا سینہ چیر کر ہزاروں میل دور سے آسکتا ہے تو ہم لاکھوں ماؤں ،بہنوں ، بیٹیوں کی آواز پر ان کی حفاظت کے لیے کیوں نہیں اٹھ سکتے ؟۔

سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ ہم فیصلہ کن موڑ کر آکھڑے ہوئے ہیں،ہمیں اللہ پر بھروسہ کرتے ہوئے کشتیاں جلا کر آگے بڑھنا ہوگا ،دنیا کمزور کی التجائیں نہیں سنتی اگر کشمیر کا جہاد خدانخواستہ ناکام ہوا تو بھارت ہمیں پانی کا ایک قطرہ نہیں دے گا،بھوک، پیاس اور بزدلی کی موت مرنے کی بجائے جرأت کا مظاہرہ کرتے ہوئے ہمیں میدان میں کودنا ہوگا ۔ انہوںنے کہاکہ پاکستان کی بقا و سلامتی اور تحفظ کے لیے کشمیر کا پاکستان کے ساتھ الحاق ضروری ہے۔

مزید : قومی


loading...