وزیراعلیٰ عثمان بزدارکی ہدایت پر چونیا ں میں بچوں کے قتل کے واقعہ کی تحقیقات کیلئے جے آئی ٹی تشکیل

وزیراعلیٰ عثمان بزدارکی ہدایت پر چونیا ں میں بچوں کے قتل کے واقعہ کی تحقیقات ...
وزیراعلیٰ عثمان بزدارکی ہدایت پر چونیا ں میں بچوں کے قتل کے واقعہ کی تحقیقات کیلئے جے آئی ٹی تشکیل

  


لاہور(ڈیلی پاکستان آن لائن)وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارکی ہدایت پر چونیا ں میں بچوں کے قتل کے واقعہ کی تحقیقات کے لئے مشترکہ تحقیقاتی ٹیم (جے آئی ٹی) تشکیل دے دی گئی ہے۔

ڈی پی اوقصور مشترکہ تحقیقاتی ٹیم کے سربراہ ہوں گے،ایس پی انویسٹی گیشن قصور،ایس پی انویسٹی گیشن پراونشل انویسٹی گیشن برانچ،انٹیلی جنس بیورو اور انسداد دہشت گردی ڈیپارٹمنٹ کے نمائندے کمیٹی میں شامل ہوں گے،اس ضمن میں محکمہ داخلہ پنجاب نے نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔

اس سے قبل وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ چونیاں میں معصوم بچوں کے قتل کے اندوہناک واقعہ پر دلی دکھ اوررنج ہوا ہے،غمزدہ خاندانوں کو انصاف دلانا حکومت کی ذمہ داری ہے اورحکومت یہ ذمہ داری ہر صورت نبھائے گی اور متاثرہ خاندانوں کوہرقیمت پر انصاف فراہم کیاجائے گا۔عثمان بزدار نے کہا کہ ملزمان کی جلد سے جلد گرفتاری کیلئے انسپکٹر جنرل پولیس کو ہدایات جاری کردی ہیں،اس کیس کو جلد منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا اور انصاف کے تمام تقاضے پورے کریں گے،انصاف نہ صرف ہوگا بلکہ ہوتا ہوا نظر بھی آئے گا،متاثرہ خاندانوں کو فوری طور پر انصاف دلانا میرا فرض اورذمہ داری ہے۔وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے کہا کہ جن درندہ صفت ملزمان نے یہ ظلم کیا ہے وہ قانون کے مطابق قرار واقعی سزا سے نہیں بچ پائیں گے،ایسا گھناؤنا جرم کرنے والے انسان نہیں درندے اور دھرتی کا بوجھ ہیں،معصوم بچوں کے قتل پر ہر آنکھ اشکبار ہے،حکومت غمزدہ خاندانوں کے ساتھ ہے اور کھڑی رہے گی۔

مزید : علاقائی /پنجاب /لاہور


loading...