ملک میں یکساں تعلیمی نصاب کا جلد نفاذ ہوگا،تعلیم کا شعبہ ہر قسم کی سیاست سے پاک ہونا چاہیے:شفقت محمود
کراچی(ڈیلی پاکستان آن لائن) وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے کہا ہے کہملک میں یکساں تعلیمی نصاب کا جلد نفاذ ہوگا، تعلیم کا شعبہ ہر قسم کی سیاست سے پاک ہونا چاہیے،تعلیم کے فروغ کے لیے تمام صوبوں کو ملکر کام کرنا ہوگا،حکومت فروغِ تعلیم کے لیے متعدد پروجیکٹس پر کام کررہی ہے۔
نجی ٹی وی کے مطابق جامعہ کراچی میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیرشفقت محمود نے کہا کہ ملک میں یکساں تعلیمی نصاب کے نفاذ سے طبقاتی امتیازات میں کمی واقع ہوگی، حکومت نے59ارب روپے اعلیٰ تعلیم کی مد میں مختص کیے ہیں، متعدد پروجیکٹس پر کام ہورہا ہے جس سے تعلیم اور تعلیمی اداروں کا معیار بلند ہوگا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کو کئی وائرل امراض کا سامنا ہے، انسٹی ٹیوٹ آف وائرولوجی کا قیام بہتری کی نوید ہے۔