عدالت نے محسن داوڑ اور علی وزیر کو ضمانت پر رہا کرنے کا حکم دے دیا
پشاور(ڈیلی پاکستان آن لائن ) ہائیکورٹ نے خڑ کمر میں فوجی چیک پوسٹ پر حملے کے مقدمے میں گرفتار ارکان قومی اسمبلی محسن داوڑ اور علی وزیر کو ضمانت پر رہا کرنے کا حکم دے دیا۔پشاور ہائیکورٹ بنوں سرکٹ بینچ میں محسن داوڑ اور علی وزیر کی اپیل پر جسٹس ناصر محفوظ نے سماعت کی۔عدالت نے فریقین کے دلائل سننے کے بعد دونوں ارکان اسمبلی کو 10 لاکھ روپے کے مچلکوں اور دو افراد کی شخصی ضمانت پر رہا کرنے کا حکم دیا۔دونوں ارکان قومی اسمبلی ان دنوں خیبرپختونخوا کی ہری پور جیل میں قید ہیں ۔
یاد رہے کہ 26 مئی کو ارکان قومی اسمبلی محسن داوڑ اور علی وزیر کی قیادت میں پشتون تحفظ موومنٹ کے کارکنان نے شمالی وزیرستان کے علاقے بویہ میں خاڑ کمر چیک پوسٹ پر حملہ کیا تھا جس میں پانچ جوان زخمی ہوئے جب کہ فائرنگ کے تبادلے میں حملہ کرنے والے تین افراد مارے گئے تھے۔