شہر قائدکی بدترین صورتحال کے ذمہ دار وزیر اعلیٰ سندھ ہیں: خالد مقبول صدیقی
کراچی(ڈیلی پاکستان آن لائن)وفاقی وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی خالد مقبول صدیقی نے کہا ہے کہ شہر قائد کی بدترین صورتحال کے ذمہ دار وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ ہیں،پاکستان کا امن کراچی کی خوشحالی سے منسلک ہے،کراچی ملک کو چلاتا ہے مگرصوبے کو 95 اور ملک کو 60 فیصد ریونیو دینے والے شہر کو پانچ فیصد بھی نہیں ملتا ،صوبائی حکومت وفاق سے حقوق تو مانگتی ہے لیکن شہری حکومت کو حقوق نہیں دے رہی۔
کراچی ایکسپو سینٹر میں19ویں آئی ٹی سی این ایشیا ایکسپو کا افتتاح کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ کراچی واحد شہر ہے جہاں کچرا اٹھانے کا اختیار بھی مئیر کراچی کے پاس نہیں ہے۔ آئی ٹی سی این نمائش کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ تبدیلی کی بہت بڑی لہر ٹیکنالوجی کے ذریعےآنےوالی ہے، پچھلی حکومتوں نے آئی ٹی کےحوالے سے بڑے دعوے کئے مگر کیا کچھ نہیں، پاکستان میں آئی ٹی کی انڈسٹری اسوقت کہاں کھڑی ہے ؟پاکستان پڑوسی ممالک سے مقابلہ نہیں کر پارہا لیکن ہم مسئلے کا حل نکال رہے ہیں ،پاکستان جلد ٹرانسفارم ہوگا اورہم پاکستان کو سر اٹھا کر چلنے کے قابل بنائیں گے۔