ملک کے حالات بہتر ہوتے ہی سرمایہ کاری شروع ہوگئی،وزرا صرف عوام کے بارے میں سوچیں:وزیر اعظم عمران خان
پشاور(ڈیلی پاکستان آن لائن)وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ملک کے حالات بہتر ہوتے ہی سرمایہ کاری شروع ہوگئی ہے، پٹوار کے نظام کو مزید شفاف بنانا پڑے گا کیونکہ اس کی وجہ سے لوگوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے،وزرا صرف عوام کے بارے میں سوچیں۔
تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان نے گورنر ہاوس پشاور میں صوبائی کابینہ کے اراکین کے ساتھ ملاقات کی اور صوبائی وزرا سے محکموں کی کارکردگی کے بارے میں سوالات کیے۔وزیر اعلی خیبر پختونخوا محمود خان نے وزیر اعظم کو کارکردگی کے بارے میں تفصیلات سے آگاہ کیا۔وزیر اعظم نے کہا کہ ملک کے حالات بہتر ہوتے ہی سرمایہ کاری شروع ہوگئی ہے،ہم اقتدار میں آئے تو کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ زیادہ ہونے سے روپے کی قیمت میں اضافہ ہوا اور مہنگائی ہوئی تاہم حکومت کےمعاشی اقدامات سےروپیہ مستحکم ہوااور پاکستان ڈیفالٹ ہونے سے بچ گیا،جب کسی گھر کو لوٹا جاتا ہے تو تھوڑے وقت کے لیے مشکلات ہوتی ہیں۔
وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ صوبائی وزرا عوام کے بارے میں سوچیں اور عام آدمی کو ریلیف دیں،لوگوں کی زندگی میں آسانی لائی جائے اور ملاوٹ کے خلاف کریک ڈاؤن کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ پٹوار کے نظام کو مزید شفاف بنانا پڑے گا کیونکہ اس کی وجہ سے لوگوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے،خیبر پختونخوا کی عوام نے ہم پر اعتماد کیا تھا جس کی وجہ سے ہمیں وفاق میں حکومت ملی اس لیے وہاں کے عوام کی توقعات پر پورا اترنا ہو گا۔