پاکستان کسٹمز کی سب سے بڑی اور تاریخی کارروائی ، منشیات میں استعمال ہونے والا اربوں روپے مالیت کا کیمیکل پکڑا گیا
کراچی (ڈیلی پاکستان آن لائن) پاکستان کسٹمز نے اپنی تاریخ کے سب سے بڑے اور غیر معمولی آپریشن کے دوران اربوں روپے مالیت کے 6 میٹرک ٹن خطرناک کیمیکل ضبط کرلیا ہے، ضبط شدہ آیوڈین نامی کیمیکل خطرناک منشیات میتھم فیٹامائن بنانے میں استعمال کیا جاتا ہے اور اس سے ساڑھے چار ٹن منشیات تیار کی جا سکتی ہے جبکہ ضبط کئے جانے والے کیمکل کی مالیت 9 ارب 67 کروڑ روپے سے زاید بتائی جا رہی ہے۔
نجی ٹی وی کے مطابق پاکستان کسٹمز نے تاریخی آپریشن کے دوران منشیات میں استعمال ہونے والا اربوں روپے مالیت کا 6 میٹرک ٹن خطرناک کیمیکل ضبط کرلیا ہے،کسٹمز کےمطابق یہ شپمنٹ ٹرانزٹ ٹریڈ ایگریمنٹ کے تحت متحدہ عرب امارات (یو اے ای)سے کراچی پہنچی تھی، یہ کنٹینر کراچی سے افغانستان کے لیے بھیجا گیا تھا۔پاکستان کسٹمز کے پورٹ کنٹرول یونٹ نے شک ہونے کی وجہ سے اس کی خفیہ اطلاع دی، جس پر ماڈل کلیکٹریٹ کسٹمز پریونٹیو کراچی نے خفیہ نگرانی کی۔پاکستان کسٹمز کے حکام نے تصدیق پر امریکی ڈرگ انفورسمنٹ ایڈمنسٹریشن،اقوام متحدہ کے متعلقہ ادارے اور افغان حکام کو اپنی کارروائی سے آگاہ کردیا ہے۔ذرائع کے مطابق انٹرنیشنل نارکوٹکس بورڈ نے رپورٹ دی کہ آیوڈین کے اس ذخیرے سے 4.5 ٹن منشیات تیار کی جاسکتی تھی۔منشیات اور جرائم سے متعلق یونائیٹڈ نیشن آفس کی رپورٹ کے مطابق برآمد آیوڈین سے 91 بلین روپے کی منشیات تیار کی جاسکتی تھی۔کارروائی میں 546 ملین ڈالر کا کیمیکل جرائم پیشہ افراد کے ہاتھ لگنے سے روکا گیا ہے۔پاکستان کسٹم ذرائع کے مطابق کیمیکل سے منشیات بنانے سے حاصل آمدنی دہشت گردی میں استعمال کی جانا تھی۔