پاکستان نے بھارتی وزیرمملکت خارجہ امورکے گمراہ کن اور بے بنیاد دعوی مسترد کردئیے
اسلام آباد(آئی این پی)پاکستان نے بھارتی وزیرمملکت خارجہ امورکے گمراہ کن اور بے بنیاد دعوے مسترد کردئیے۔
ترجمان دفتر خارجہ نے اپنے ایک بیان میں میڈیا کے سوالات پر کہا کہ پاکستان بھارتی وزیرمملکت برائے خارجہ امور وی مرلی دھرن کے راجیہ سبھا میں کئے گئے بے بنیاد دعوے مسترد کرتا ہے،غیرقانونی طورپر بھارت کے زیرقبضہ جموں وکشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین اور منظم پامالیوں اور ریاستی دہشت گردی کرکے بھارت دوسروں کے خلاف بے بنیاد الزامات عائد کرنے سے عالمی برادری کو گمراہ نہیں کرسکتا۔ 5اگست 2019 کو غیرقانونی طورپر بھارت کے زیرقبضہ جموں وکشمیر میں یک طرفہ اور غیرقانونی اقدامات، جنگی جنون اور جارحیت سے خود بھارت نے ماحول خراب اورکشیدہ کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ بھارت پریہ ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ اپنے غیرقانونی اور یک طرفہ اقدامات کالعدم کرکے ماحول سازگار بنائے، کشمیری عوام کے خلاف ریاستی دہشت گردی ختم کرے اور عالمی قانون کے مطابق جموں وکشمیر کے تنازعہ کو حل کرنے کے لئے آمادہ ہو۔
ترجمان نے کہاکہ حکومت پاکستان بھارتی حکومت پر زور دیتی ہے کہ جموں و کشمیر کے حصوں پر غیرقانونی اور غاصبانہ قبضہ ختم کرے اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں میں درج اقوام متحدہ کی نگرانی میں آزادانہ اور غیرجانبدارانہ رائے شماری کے ذریعے استصواب رائے کا ناقابل تنسیخ حق کشمیریوں کو دینے کی عالمی ذمہ داری پوری کرے۔