شراب لائسنس اجرا کیس ، سابق ڈی جی ایکسائز اکرم اشرف گوندل 10 روزہ جسمانی ریمانڈ پر نیب کے حوالے
لاہور(ڈیلی پاکستان آن لائن)احتساب عدالت نے شراب لائسنس اجرا کیس میں سابق ڈی جی ایکسائز اکرم اشرف گوندل کو10 روزہ جسمانی ریمانڈ پر نیب کے حوالے کردیا،عدالت نے ملزم کو دوبارہ 28ستمبر کو پیش کرنے کاحکم دیدیا۔
نجی ٹی وی کے مطابق شراب لائسنس اجرا کیس میں گرفتار سابق ڈی جی ایکسائز اکرم اشرف گوندل کو عدالت میں پیش کردیاگیا۔عدالت نے استفسار کیا کہ اس لائسنس کا اجراکب ہوا؟، وکیل ملزم نے کہاکہ 9جنوری 2019 کواجرا کیاگیا،28 جون 2019 کو لائسنس منسوخ کردیاگیا، پراسیکیوٹر نیب نے کہاکہ ملزم نے بطور ڈی جی ایکسائز قانون کو بالائے طاق رکھتے ہوئے لائسنس نوازا۔
جج نے استفسار کیا کہ اس سے پہلے ایکسائز نے کتنے لائسنس جاری کئے؟، اکرم اشرف گوندل نے کہاکہ 9 لائسنس جاری کئے گئے ، نہ صرف اس بار بلکہ ہر بار سمری وزیراعلیٰ کو بھیجی جاتی ہے ، جج نے استفسار کیا آپ نے جو سمری وزیراعلیٰ کو بھیجی اس کاکیابنا؟، سابق ڈی جی ایکسائز نے کہاکہ پرنسپل سیکرٹری نے سمری واپس بھجوا دی تھی ۔
عدالت نے استفسار کیا کہ نیب بتائے کیا غیرقانونی کام ہوا ہے ؟، نیب تفتیشی نے کہاکہ ملزم نے پالیسی کی خلاف ورزی کرتے ہوئے شراب کالائسنس جاری کیا، جج نے استفسار کیا کہ اس ملزم پر کیا الزامات ہیں؟، نیب نے کہاکہ ملزم نے اختیارات کا ناجائز استعمال کیا، ملزم سے دیگر ملزموں کاآمنا سامنا کروا کے سوالات پوچھنے ہیں ۔
عدالت نے شراب لائسنس اجرا کیس میں سابق ڈی جی ایکسائز اکرم اشرف گوندل کو10 روزہ جسمانی ریمانڈ پر نیب کے حوالے کردیا،عدالت نے ملزم کو دوبارہ 28ستمبر کو پیش کرنے کاحکم دیدیا۔