شیخ الحدیث والتفسیر حضرت مولانا انیس الرحمان  درخواستی کی خدمات

شیخ الحدیث والتفسیر حضرت مولانا انیس الرحمان  درخواستی کی خدمات
شیخ الحدیث والتفسیر حضرت مولانا انیس الرحمان  درخواستی کی خدمات

  

تحریر : ابن شھید محمد عثمان انیس درخواستی

اللہ تعالی نے انسانیت کی رشدو ہدایت اور فوزو فلاح کے  لئے انبیاء اور رسل بھیجے، سب سے آخر میں  حضور اکرم ﷺکو نبوت  عطا فرمائی  اور اعلان فرمادیا کہ آپ کے بعد کسی کو نبوت نہیں عطا کی جائے گی، آپ ﷺ خاتم الاانبیاء کے اعزاز سے نوازے گئے قیامت تک آپ  ہی کی  نبوت کا سکہ  رائج رہے گا، اس لئے  آپ کی امت  کی رہنمائی کے لئے اللہ تعالی نے ہر دور میں ایسی ہمہ گیر شخصیات کو پیدا فرمایا جو اس امت کی  ہر میدان میں رہنمائی فرمائیں، آنحضرت ﷺکا ارشاد مبارک ہے، العلما ورثۃ الاانبیا ء  علمیء انبیاء کے  وارث  ہیں، انہی وارثین انبیا ء جامع کمالات شخصیات میں سے  ایک شخصیت کو  تاریخ  شیخ التفسیر محدث جلیل حضرت مولانا انیس الرحمن درخواستی  شھید کے  نام سے جانتی ہے۔ 

تاریخ پیدائش : 1963-08-03 بروز جمعرات  بستی درخواست میں ہوئی۔

نام :- انیس الرحمان والد کا نام ولی کامل حضرت مولانا عبدالروف درخواستی  جو ایک نہایت متقی شریف النفس شب بیدار، قرآن و حدیث سے سچی محبت کرنے والے تھے، آپ کی والدہ ماجدہ حضرت مولانا  محمد عبداللہ درخواستی  کی سب سے بڑ  ی صاحبزادی اور  رابعہ وقت ہونے کے ساتھ ام العلما  ہونے کا  اعزاز بھی  حاصل تھا،  اپنے والد محترم سے قرآن مجید مکمل حفظ کیا، حفظ مکمل  کرنے کے بعد پہلی مرتبہ جب رمضان المبارک میں نماز تراویح میں قرآن مجید کی تکمیل ہوئی  تو آپ کے والد محترم نے خوشی میں لوگوں کی بڑی دعوت کی ، اور جب  جامعہ مخزن العلوم خانپور کی  جامع شاہی مسجد میں تراویح میں مکمل قرآن سنایا تو آپ کے نانا جان حافظ الحدیث حضرت مولانا محمد عبداللہ درخواستی  نے خوشی میں پر تکلف دعوت کا اہتمام کیا، درس نظامی  کی ابتدائی تعلیم  جامعہ  مخزن العلوم خانپور سے حاصل کی اور مختلف علوم  وفنون میں مہارت تامہ  حاصل کی، زمانہ  طالب علمی میں اساتذہ  کے ادب و احترام ان کی قدرومنزلت  بھی خوب کرتے تھے، اسی وجہ سے ان کے منظور نظر تھے،  

دور حدیث :1982 میں  دورہ  حدیث کی تعلیم  حاصل کرکے سند فراغت اور دستارفضیلت حاصل کی، دورہ تکمیل 1983 میں علوم اسلامیہ کی  قدیم درسگاہ مدرسہ انوریہ طاہر والی میں پیکراخلاص وسادگی  مخدوم العلما ء حضرت مولانا  منظور احمد نعمانی رحمت اللہ علیہ سے تکمیل کے اسباق پڑھے۔ 

معروف اساتذہ حدیث وتفسیر :-   میں (1) شیخ الاسلام حضرت مولانا محمد عبداللہ درخواستی  (2) شیخ الحدیث حضرت مولانا شفیق الرحمان درخواستی (3) امام اہلسنت حضرت مولانہ سرفراز خان صفدر (4) شیخ الحدیث حضرت مولانا امیر محمد  تونسوی صاحب (5) جامع المعقول والمنقول حضرت مولانا واحد بخش (6) حضرت مولانا محمد نادر (7) شیخ الحدیث مولانا مفتی حبیب الرحمان درخواستی  صاحب  شامل ہیں،  

تدریسی و تبلیغی زندگی کی جھلک

 تحصیل علم سے  فراغت کے بعد مدرسہ  اشر ف العلوم شجاع آباد ضلع ملتان سے تدریس کا آغاز کیا دو سال وہاں پر تدریس کے فرائض سرانجام دیئے،  اتنے احسن طریقے سے ان دو سالوں میں بڑے مدرسین  کی صف میں شمار ہونے لگے، اور امام الصرف و النحو کے نام سے مشہور ہوگئے،  1986 میں دار العلوم اسلامی مشن بہاولپور میں تدریس کے تیسرے  سال ہی ابو داؤد شریف طحاوی شریف کے ساتھ مختلف علوم اور فنون کے بہت سے اسباق پڑہائے اور صرف  ونحو کے اسباق خصوصی طور پر دیئے گئے ، پھر دو سال جامعہ مخزن العلوم خانپور میں بھی بڑے بڑے اسباق پڑھاتے رہے، پھر  جامعہ انوار القران آدم ٹاؤن نارتھ کراچی میں تقریبا چار سال پڑھایا، یہاں آپ کے اسباق میں سے مشکواۃ، ہدایہ، جلالین، ان تین اسباق میں شمولیت کے لئے علماء قابل مدرسین بطور خاص شامل ہوتے تھے، اور آپ کے انداز تدریس   و انداز تفہیم  سے مستفید ہوتے تھے، پھر جامعہ عبداللہ بن مسعود خانپور میں بطور نائب  مہتمم و ناظم تعلیمات  بلا لئے گئے، اور یہاں تین سال تک تدریس اور نظامت کے فرائض بحسن خوبی سرانجام دیئے، کہ جامعہ ملک کے بڑے تعلیمی اداروں میں شمار ہونے لگا، 1993 میں حضرت مولانا فدا الرحمان درخواستی رحمۃ اللہ علیہ کی  خواہش  اور اصرار اور حافظ الحدیث حضرت مولانا محمد عبداللہ درخواستی رح کے حکم پر  دوبارہ  جامعہ انوار القران کراچی  میں بطور شیخ الحدیث ، شیخ التفسیر ، صدر المدرسین،  دینی خدمات سرانجام دیتے رہے، اللہ تعالی نے انہیں علماء طلباء میں قبول عام عطا فرمایا تھا،  تشنگان علوم نبویہ دیوانہ وار اس ابرعلم کے سائے میں آتے اور خوب خوب سیراب ہوتے، و ہ علم عمل کے  پیکر اور زہدواتقا ء کا  مجسمہ تھے، ان  سے اپنے بھی خوش اور پرائے بھی  مانوس  وہ اپنی سادگی سے ہر ایک کو اپنا گرویدہ  اور علم ادب کی  جولانی سے اپنا اسیر بنالیتے ، ان کے حلقہ وعظ میں ایک بار شریک ہوکر انہیں بھلایا نہیں جاسکتا، ان کا بیان ہر طبقہ میں یکساں مقبول تھا، پڑھے لکھے اور بے پڑھے، جوان بوڑھے، عورتیں اور مرد اس میں اپنے لئے عجیب کشش اور لذت اور چاشنی محسوس کرتے مسلک حقہ مسلک علماء دیوبند  کے حقیقی سفیر اور اپنے نانا جان حضرت درخواستی  کے سچے جانشین تھے،  تصوف سلوک میں حضرت خواجہ خواجگان ، حضرت مولانا خان محمد  رحمت اللہ علیہ، سجادہ نشین کندیاں شریف پنجاب سے  بیعت وارادت کا تعلق تھا، ا ن کی مجلس میں حاضر ہوکر ادب وفنایت کا یہ عالم ہوتا کہ گھنٹوں حضرت کی مجلس میں بیٹھتے  مگرمجال ہے کہ زبان سے بے وجہ کو ئی بات نکلے، صرف یہ ہی نہیں بلکہ پوری نشست میں دوزانوں  اور گردن جھکائے بیٹھے رہنا ان کا معمول تھا،  سینکڑوں طلبہ علماء کو  ظاہر ی و باطنی  علوم سے فیض یاب کیا،  اور ساتھ ہی  جامع مسجد الہدیٰ بفر زون کراچی میں امامت و خطابت کے فرائض سرانجام دینا شروع کئے، ابھی دو چار مہینے  ہی گذرے تھے، کے ہر خاص و عام ادنیٰ اور اعلیٰ علماء طلبہ  سب کی زبانوں پر ان کا نام آنے لگا،اور آپ کا انداز خطابت اور طریق بیان نرالا  اور مجتہدانہ تھا، جس کی وجہ سے اللہ تعالی نے چند ہی دنوں میں وہ مقبولیت و محبوبیت اور عزت بھی جو برسوں میں بھی مشکل سے نصیب ہوتی ہے، ظاہری وضع قطع اور شکل و صورت سے لے کر آپ کی تدریس و تقریر بیان مضامین اور مطالب کی تشریح و تفسیر ہر چیز میں الگ راہ  الگ انداز تھا۔

آپ کے دورس کی مقبولیت کا یہ عالم تھا ، ہفتہ میں تین دن اپنی مسجد الہدیٰ  اور باقی تین دن مختلف علاقوں کی مساجد میں دروس دیتے، اور ہر جمعرات بعد نماز ظھر   خواتین کو  بیان فرماتے اور ہر جمعہ بعد نماز عصر اپنی مسجد میں درس حدیث  ارشاد فرماتے، ان کے  ہر درس میں عوام الناس کی بھرپورحاضری ہوتی، جب کے محلہ کے مختلف گھروں میں اور دینی مدارس وجامعات  کے پروگراموں میں باقائدگی سے  شرکت  کرتے تھے، آپ کے کارہائے نمایا میں سے یہ بھی ایک کارنامہ ہے جو کراچی میں عموما اور جامع مسجد الہدیٰ بفرزون سیکٹر15-A۔4 کراچی میں خصوصا یادگار رہے گا، ابھی تک لوگ اس وقت کو یاد کرکے آنسوں بہاتے نظر آتے ہیں، وہ ہے " اصلاح اعمال کا انقلاب" جو یکا یک مولانا شہید کی  دعوت سے  پیدا ہوگیا، نوجوانوں کی  پیشانیاں دربار الہیٰ میں جھکنے لگیں،  برزرگوں کی  بزرگی میں ذکر اللہ ، تلاوت کلام اللہ  کا ذوق داخل ہوگیا، ان کے چہرے سنت نبوی سے مزین ہونے لگے،عورتوں کے سروں پر حیا کی چادریں آنے لگیں، برقعہ کے ساتھ  دستانے بھی استعمال ہونے لگے، مردوں عورتوں کے عقائد کی اصلاح ہوتی گئی، اور ہر خاص وعام کے دل میں بات اتر گئی  کہ ہماری دینی دنیاوی ، کامیابی  و سرفرازی  کی صرف وہی راہ ہوسکتی ہے، جو قرآن اور حدیث کی رہنمائی سے  معمور ہو ، انہوں نے زندگی کی ہر بات میں قرآن آور سنت کی تعلیم دنیا کے آگے پیش کردی، اور قوم کو ہر طرف سے ہٹا کر سچی راہ  پر لگا دیا، اس سلسلے میں انہوں نے کامیاب حکمت عملی اختیار کی، جس کی وجہ سے نوجوان طبقہ ان کا گرویدہ تھا، بوڑھے عقیدت  و محبت کے پھول نچھاور کرتے تھے، بچے ان کی شفقت سے مانوس تھے، علماء طلبہء ان کی تدریس کے عاشق  اور مدرسہ کے ارباب حل وعقد ان کی قابلیت کے مداح تھے،  آپ کو  خواب میں کئی مرتبہ حضور اکرم ﷺ کی زیارت کی سعادت بھی نصیب ہوئی، اور آ پ نے مصافحہ بھی کیا تھا جس کی وجہ سے آپ کے ہاتھوں سے اور چہرے سے نورانیت  محسوس ہوتی تھی، جسے جامعہ خیرالمدارس ملتان کے مفتی اعظم حضرت مولانا مفتی عبدالستار نے پہچان کر آپ کے احترام میں کھڑے ہوگئے تھے، اور ہاتھوں کو بوسہ بھی دیتے رہے، اس وجہ سے جب حضور اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کے حلیہ  کو بیان کرتے تو ایسے معلوم  ہوتا تھا  جیسے سامنے  چہرہ نبوی کو دیکھ دیکھ  کر بیان کررہے ہیں۔  آپ دومرتبہ حج بیت اللہ اور کئی مرتبہ عمرہ کی سعادت حاصل کر چکے تھے، آپ ہر دینی کام کرنے والے سے محبت فرماتے اور ہر دینی کام میں حصہ لیتے تھے، ختم نبوت، عظمت صحابہ، نفاذ اسلام ، دفاع اسلام، دینی مدارس و مساجد کے اجراء وتعمیر و غیرہ پر  دینی خدمات  سے سرفراز ہوئے یعنی اس کم عمری میں زہد وتقوی  ، اخلاص، اخلاق، وتواضع ، علم و عمل، اور حق کی جدوجہدغرضیکہ کے ہر شعبہ میں یہ شخصیت  اعزاز کا تمغہ حاصل کر چکی تھی، آپ کو حافظ ، قاری ، محقق ، محدث، مفسر، مفتی، علوم عقلیہ ونقلیہ  کے بہترین مدرس ، پیر طریقت ، خطیب، واعظ پر تاثیر ، امام، مہاجر، مجاہد، حاجی، نمازی، غازی، اور شھید سب کچھ کہا جا سکتا ہے، اور عاشق  الحرمین ، ایسے کے مدینۃ الرسول میں باوجود  تیز دھوپ کے ننگے پاؤں چلتے تھے ، پاؤں میں چھالے پڑ جاتے تھے، لیکن   حدود حرم میں جوتے نہیں پہنتے تھے، اور ایک عجیب جذب کی کیفیت طاری رہتی تھی، ۔

* برادارن *

(1) شیخ الحدیث التفسیر عارف بااللہ حضرت مولانا شفیق الرحمان درخواستی رحمت اللہ علیہ   (2)  شیخ الحدیث التفسیر حضرت مولانا مفتی حبیب الرحمان درخواستی (3) پیر طریقت خطیب اسلام حضرت مولانا پیر سیف الرحمان درخواستی رحمت اللہ علیہ ۔

اولاد  آپ  کے  پانچ بیٹے اور تین بیٹیان ہیں۔ (1) مولانا قاری محمد  ابوبکر درخواستی  مہتمم  مدرسہ ابوہریرہ  راجنپور پنجاب (2) مولانا محمد عمر درخواستی  صاحب مدرس جامعہ عبداللہ بن مسعود خانپور  امام و خطیب جامع بلال مسجد خانپور خلیفہ مجاز  محبوب العلما  والصلحا  حضرت پیر  ذوالفقار احمد نقشبندی صاحب (3) راقم الحروف محمد عثمان انیس درخواستی  بھی عالم اور حافظ ہے (4) حافظ قاری محمد علی درخواستی  (5) حافظ قاری محمد معاویہ درخواستی  اور تین بیٹیاں ہیں جو الحمد اللہ  دینی علوم کی تدریس میں مصروف ہیں،  آپ کی اہلیہ محترمہ بھی حیات ہیں، جنہوں نے اپنی اولاد کو دینی تعلیم و تربیت سے آراستہ کیا ان کی تعلیم و تعلم میں کوئی کسر نہیں چھوڑی ، آپ الحمد اللہ ایک عابدہ، زاہدہ،  مجاہدہ ، صابرہ خاتون ہیں، دعا ہے کہ اللہ تعالی میری والدہ محترمہ کو  صحت و عافیت  اور سلامتی والی زندگی نصیب کریں۔

تصانیف :(1)کلمہ حق (2)الاربعین للدرخواستی یعنی چہل احادیث ۔(3)فضائل شب قدر

افادات:(1)موعظ درخواستی شہید رح (2)تنقیح البیان فی تفسیر القرآن (3)دروس سورہ فاتحہ(4)دروس ترمذی (5)مخزن الصرف شرح ارشاد الصرف (6) خلاصۃ القرآن (7)مقدمۃ القرآن (8)مقدمۃ الحدیث(9)تقریرمشکوۃ 

*شہادت *

اللہ تعالی نے آپ کو غالبا شہادت سے پہلے آگاہ فرما دیا تھا، چند دن پہلے ایک خواب دیکھا  جس کے بعد  بڑے مستعد  اور مسرور رہنے لگے، خوشی سے چہر کھلا ہوا تھا،  گھر میں بچوں کو کہا ایک بہترین پاکیزہ خواب دیکھا ہے دعا کرو پورا ہوجائے،  شہادت سےچند دن پہلے  حدیث کا سبق پڑھا تےہوےطلباء کو دین پور شریف کے قبرستان اور اکابر علما ء کے حالت وواقعات  اور شہادت کی موت پر  والہانہ انداز میں تبصرہ کیا پھر طلباء حدیث کو دعا کرنے کا کہا کہ اللہ تعالی مجھے بھی شہادت کی موت نصیب کرے اور دینپور شریف کے قبرستان میں دفن ہونا نصیب کرے  طلباء حدیث نے آمین کہا اور دعا قبول ہوگئی۔ بوقت شہادت راقم الحروف بھی ساتھ تھا، جیسے ہی گردن میں پہلی گولی لگی تو خوشی سے  چہرہ کھل اٹھا ، دوسری گولی بائیں آنکھ کر قریب لگی، اور تیسری گولی پیٹ میں لگی نیچے گرتے ہی دائیں کروٹ پر لیٹ کر رب تعالی کی دیدار میں محو  ہوکر اللہ اللہ کی   ضربیں شروع کر دیں،  تاآخر رتبہ شہادت سے سربراہ ہوکر خالق حقیقی سے جا ملے، آج بھی وہ منظر میری نگاہوں کے سامنے ہیں،  جب بھی یہ  وقت یاد آتا ہے تو بے ساختہ آنکھوں سے آنسو جاری ہوجاتے ہیں، اب بھی بوقت تحریر آنسوں جاری ہیں، اور دل سے دعا ہے اللہ مجھے بھی اپنے والد محترم شہید رحمت اللہ علیہ  کے نقش قدم پر چلنے کی توفیق عطا فرمائیں اور شہادت کی موت نصیب کرے آپ کی شہادت بروز جمعہ  17 جمادی الاول1418 ھجری بمطابق 19 ستمبر 1997 کو  کراچی میں ہوئی۔آپ کی نمازجنازہ خان پور کے وسیع وعریض نارمل اسکول کے گراؤنڈ میں شیخ الحدیث والتفسیر حضرت مولانا شفیق الرحمن درخواستی رح کی امامت میں اداکی گئی جس ملک بھرسے اکابرین عظام دینی جماعتوں کے قائدین اور لاکھوں لوگوں نے شرکت کی تھی ۔تدفین دین پور شریف کے خاص احاطہ میں کی گئی

عشق احمدسے مزین صاحب کردار تھا-حضرت درخواستی کو جس سے بے حد پیار تھا 

بچھڑا وہ ہم سے اچانک امرربی مان کر – راہ حق پہ جان دی رتبہ شہادت جان کر 

نانا کا پہلو میں سویا سونی چادر تان کر – یا خدا اس شخص کو جنت کا تو مہمان کر 

دم شہادت جس کے لب پے ذکراذکار تھا- حضرت درخواستی کو جس سےبی حد پیار تھا۔ 

درجوانی توبہ کردم شعر کی تفسیر شخص- حضرت درخواستی کی ہو بہو تصویر شخص

اتنی کم عمری میں اتنا علم اللہ کا کرم – بحر قلزم کی طرح سینہ منور دم بدم 

تیرے  بغیر حضرت انیس سونا پڑا ہے سارا گھر- مدرسہ انوار القران کے روتے ہیں دیوار و در-

۔

 نوٹ:یہ بلاگر کا ذاتی نقطہ نظر ہے جس سے ادارے کا متفق ہونا ضروری نہیں ۔

مزید :

بلاگ -