نیوزی لینڈ کا دورہ منسوخ، آئندہ سال کے آغاز میں آسٹریلوی ٹیم کا دورہ پاکستان شیڈول ، کرکٹ آسٹریلیا بھی میدان میں آ گیا ، اہم اعلان کر دیا 

نیوزی لینڈ کا دورہ منسوخ، آئندہ سال کے آغاز میں آسٹریلوی ٹیم کا دورہ پاکستان ...
نیوزی لینڈ کا دورہ منسوخ، آئندہ سال کے آغاز میں آسٹریلوی ٹیم کا دورہ پاکستان شیڈول ، کرکٹ آسٹریلیا بھی میدان میں آ گیا ، اہم اعلان کر دیا 

  

سڈنی (ڈیلی پاکستا ن آن لائن )نیوزی لینڈ کرکٹ بورڈ نے سیکیورٹی الرٹ کو بنیاد بنا کر پہلے ون ڈے میچ سے چند لمحے قبل یکطرفہ طور پر دورہ منسوخ کرنے کا اعلان کر دیا جس سے پاکستان کو شدید دھچکا پہنچا کیونکہ انگلینڈ نے بھی سیکیورٹی ماہرین سے مشاورت کا اعلان کر دیا اور اب کرکٹ آسٹریلیا نے بھی آئندہ سال کے آغاز میں اپنے دورے سے متعلق اہم بیان جاری کر دیاہے ۔

نجی ٹی وی اے آر وائے نیوز کے مطابق ترجمان کرکٹ آسٹریلیا نے بیان جاری کرتے ہوئے کہاہے کہ ہم صورتحال کا جائزہ لے رہے ہیں ، ہم نیوزی لینڈ سے بھی اطلاعات کا تبادلہ کریں گے اور دیگر سیکیورٹی ایجنسیز سے بھی اطلاعات حاصل کریں گے ، جلدز بازی میں دورہ پاکستان سے متعلق فیصلہ نہیں کریں گے ۔ ان کا کہناتھا کہ سیکیورٹی ماہرین کا مشورہ بہت اہم ہو گا ۔آسٹریلیا کو فروری اور مارچ میں پاکستان میں دو ٹیسٹ میچ، تین ون ڈے اور تین ٹی ٹوینٹی میچز کھیلنے ہیں۔ آسٹریلیا نے 1998 کے بعد پاکستان کا دورہ نہیں کیا ہے ۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز پاکستان کرکٹ بورڈ نے بیان جاری کرتے ہوئے کہا تھا کہ سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان کرکٹ سیریز منسوخ کر دی گئی ہے ,نیوزی لینڈ نے سیکیورٹی خدشات کا اظہار کرتے ہوئے سیریز کو یکطرفہ طور پر منسوخ کیا۔ 

پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے جاری پریس ریلیز میں کہا گیاہے کہ نیوزی لینڈ کرکٹ کی جانب سے ہمیں اطلاع دی گئی کہ انہیں کچھ سیکیورٹی الرٹس موصول ہوئے ہیں اور وہ یکطرفہ طور پر سیریز کو منسوخ کرنے جارہے ہیں۔پی سی بی کا کہناتھا کہ پی سی بی اور حکومت پاکستان کی جانب سے دورہ کرنے والی تما م ٹیموں کیلئے فل پروف سیکیورٹی انتظامات کیئے گئے اور ہم نے نیوزی لینڈ کو بھی یہی یقین دہانی کروائی تھی ، وزیراعظم پاکستان نے نیوزی لینڈ کی وزیراعظم سے رابطہ کر کے بتایا کہ ہماری انٹیلی جنس ایجنسی دنیا کی بہترین ایجنسی ہے اور مہمان ٹیم کو کوئی تھریٹ نہیں ہے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے جاری کر دہ بیان میں کہا گیاہے کہ نیوزی لینڈ کی ٹیم کے ہمراہ سیکیورٹی آفیشلز حکومت پاکستان کی جانب سے کیئے جانے والے سیکیورٹی انتظامات سے مطمئن تھے۔پاکستان کرکٹ بورڈ شیڈول میچز کروانے کیلئے تیار ہے ، تاہم پاکستان سمیت دنیا بھر کے کرکٹ شائقین کو اس اچانک منسوخی کے فیصلے پر مایوسی ہو گی۔ 

مزید :

کھیل -