لاہور اور پشاور میں شوکت خانم میموریل کینسرہسپتال کے نام بڑا اعزاز
لاہور(خصوصی رپورٹ)لاہور اور پشاور میں واقع شوکت خانم میموریل کینسرہسپتال اور ریسرچ سنٹرز اور کراچی میں واقع ڈائگناسٹک سنٹر اور کلینک کا حال ہی میں ایک جامع سروے کرنے کے بعد جوائنٹ کمیشن انٹرنیشنل کی جانب سے ادارے کو انٹرپرائز ایکریڈیٹیشن دی گئی ہے۔شوکت خانم ہسپتال ان چند پہلے اداروں میں سے ایک جہاں فراہم کی جانے والی تمام سہولیات کو جوائنٹ کمیشن انٹرنیشنل کی جانب سے بین الاقوامی معیار کے مطابق ہونے کی منظوری دی گئی ہے۔ جوائنٹ کمیشن انٹرنیشنل ایک امریکی ادارہ ہے جو دنیا بھر میں مریضوں کے تحفظ اور صحت کی سہولیات کے اعلیٰ ترین پیمانے متعارف کروانے کے حوالے سے پہچانا جا تا ہے۔ شوکت خانم میموریل کینسر ہسپتال اور ریسرچ سنٹر، لاہورنے پہلی مرتبہ سال 2018 میں جبکہ دوسری مرتبہ سال2021 میں جوائنٹ کمیشن انٹرنیشنل سے ایکریڈیٹیشن حاصل کی جبکہ شوکت خانم میموریل کینسر ہسپتال اور ریسرچ سنٹر، پشاور کو یہ اعزاز پہلی مرتبہ سال 2019میں حاصل ہوا اور سال 2022میں پشاور کے اس ہسپتا ل کے لیے دوبارہ یہ ایکریڈیٹیشن حاصل کی گئی۔ اس سال ستمبر میں کراچی میں واقع شوکت خانم ڈائگناسٹک سنٹر اور کلینک کو پہلی مرتبہ یہ اعزاز حاصل ہوا۔ یہ ایکریڈیٹیشن شوکت خانم کے تمام مراکز میں فراہم کی جانے والی سہولیات کے اعلیٰ معیارکا منہ بولتا ثبوت ہے۔حال ہی میں ہونے والے انٹر پرائز سروے میں اس بات کا جائزہ لیا گیا کہ کس طرح شوکت خانم ہیلتھ کئیر سسٹم اپنے لاہور، پشاور اور کراچی کے مراکز میں مستقل طور پرایک ہی طرح کی اعلیٰ ترین طبی سہولیات فراہم کر رہا ہے۔ جوائنٹ کمیشن انٹرنیشنل کے ماہرین کی جانب سے ہسپتال کے انتظامی، کلینکل اور آپریشنل شعبوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ جوائنٹ کمیشن انٹرنیشنل کی انٹرپرائز ایکریڈیٹیشن نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ شوکت خانم ہسپتال کے تمام مراکز میں مریضوں کی دیکھ بھال سے لے کر خریداری کے معاملات، طبی فضلے کی تلفی اور مریضوں اور عملے کے تحفظ کے انتظامات ایک ہی طرح اعلی معیار کے ہیں۔اس ایکریڈیٹیشن سے مریضوں کے اطمینان میں اضافہ ہو گا کہ ان کے لیے پاکستان میں بین الاقوامی معیار کی طبی سہولیات دستیاب ہیں۔ مریض ہماری تشخیصی سہولیات مکمل بھروسے کے ساتھ استعمال کر سکتے ہیں جس کے تمام مراحل کا بہت باریک بینی سے جائزہ لیا گیا ہے۔ اسی طرح ہماری فارمیسی سروس سے اعلی معیار کی ادویات حاصل کی جاسکتی ہیں۔
اعزاز