الیکشن کمیشن کا خیبرپختونخوا کے جلسوں میں سرکاری مشینری،ہیلی کاپٹر کے بے دریغ استعمال کا نوٹس
اسلام آباد،چارسدہ (مانیٹرنگ ڈیسک) الیکشن کمیشن نے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان کی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کا نوٹس لے لیا۔ترجمان الیکشن کمیشن کے مطابق چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا کو پیر کے روز الیکشن کمیشن میں طلب کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعلی خیبر پختونخوا اور ان کی کابینہ کے ممبران ضابطہ اخلاق کی مسلسل خلاف ورزی کر رہے ہیں،خلاف ورزیوں کا الیکشن کمیشن نے سخت نوٹس لیا ہے۔ترجمان کے مطابق جلسوں میں سرکاری مشینری اور ہیلی کاپٹر کا بے دریغ استعمال کیا جا رہا ہے، معاملے پر اجلاس بھی طلب کر لیا، خصوصی اجلاس 19 ستمبر کو دو بجے ہو گا، اجلاس میں مناسب قانونی کارروائی پر غور کیا جائے گا،اجلاس میں صوبائی الیکشن کمشنر خیبرپختونخوا کی رپورٹ کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔
الیکشن کمیشن
اسلام آباد، چارسدہ (مانیٹرنگ ڈیسک)چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے چارسدہ جلسے میں پہنچنے کیلئے خیبرپختونخوا کا سرکاری ہیلی کاپٹر استعمال کیا۔ذرائع کے مطابق عمران خان اسلام آباد سے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمودخان کے ہمراہ ہیلی کاپٹر میں چارسدہ پہنچے۔ذرائع نے بتایا کہ وزیراعلیٰ محمود خان پارٹی میٹنگ میں شرکت کیلئے ہیلی کاپٹر میں اسلام آباد گئے تھے جہاں سے وہ عمران خان کے ہمراہ ہیلی کاپٹر میں چارسدہ گئے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ جلسے کے اختتام پر عمران خان سڑک کے راستے بنی گالا روانہ ہوگئے اورمحمود خان چارسدہ سے پشاور چلے گئے۔اس حوالے سے صوبائی وزیرشوکت یوسفزئی کا کہنا تھاکہ وزیراعلیٰ کی صوابدید ہے کسے ہیلی کاپٹرمیں بٹھاتے ہیں؟ نئے قانون کے تحت وزرا، سیکرٹریزبھی سرکاری ہیلی کاپٹر استعمال کرسکتے ہیں۔
شوکت یوسفزئی