کسی بھی خطرے کا مقابلہ کرنے کیلئے ہمہ وقت تیار،ایئرچیف

  کسی بھی خطرے کا مقابلہ کرنے کیلئے ہمہ وقت تیار،ایئرچیف

  

سکردو(مانیٹرنگ ڈیسک) پاک فضائیہ کے سربراہ ایئرچیف مارشل ظہیراحمد بابرسدھو نے کہا ہے کہ خطے کی موجودہ صورتحال کے پیش نظرہمیں کسی بھی بیرونی یا اندرونی سیکیورٹی چیلنج کا جواب دینے کے لیے ہمہ وقت تیار رہنا ہوگا، مادر وطن کی خود مختاری کو لاحق کسی بھی خطرے کا مقابلہ کرنے کیلئے ہمہ وقت تیار ہیں۔ترجمان پاک فضائیہ کے مطابق سربراہ پاک فضائیہ نے شمالی سیکٹر میں پاک فضائیہ کی آپریشنل سکردو ایئر بیس کا معائنہ کیا، انہیں مختلف یونٹس کے رول اینڈ ٹاسک کے بارے میں بریفنگ دی گئی، ایئر چیف نے مختلف تنصیبات کا دورہ کیا، افسران اور ایئرمین سے بات چیت بھی کی۔ایئرچیف مارشل ظہیراحمد بابرسدھو نے اس موقع پر کہا کہ پاک فضائیہ کی جانب سے انفراسٹرکچر اور عسکری صلاحیتوں میں اضافہ آپریشنل صلاحیتوں کو توسیع دینے اور عسکری حکمت عملی میں اہم سنگِ میل کی حیثیت رکھتا ہے، خلائی، الیکٹرانک اور سائبر وارفیئر کے ساتھ ساتھ مخصوص تکنیکی علوم میں ترقی، آرٹیفیشل انٹیلیجنس کے ساتھ ملکر قومی سلامتی کے روایتی ماحول پر بھرپور طریقے سے اثرانداز ہو رہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ تمام لاحق خطرات کے پیش نظر محفوظ ماحول کی فراہمی اور تکنیکی صلاحیتوں کے اس خلا کو پر کرنے کے لیے پاکستان کی مسلح افواج تیز ترین انڈکشن پروگرامز کے ذریعے اپنی موجودہ صلاحیتوں میں جدت طرازی کی کوششوں کو جاری رکھے ہوئے ہیں۔ظہیراحمد بابرسدھو نے مزید کہا ہے کہ پاک فضائیہ دشمن کی اسلحہ سازی اورعسکری صلاحیتوں کے ذخیرے سے بالکل بھی خائف نہیں، پاک فضائیہ افواج پاکستان کے شانہ بشانہ مادر وطن کی خود مختاری کو لاحق کسی بھی خطرے کا مقابلہ کرنے کے لیے ہمہ وقت تیار ہے۔

ایئرچیف

مزید :

صفحہ اول -