عمران خان قومی سلامتی پر حملہ کر رہے ہیں،کرروائی ہونی چاہئے:خواجہ آصف

عمران خان قومی سلامتی پر حملہ کر رہے ہیں،کرروائی ہونی چاہئے:خواجہ آصف

  

     اسلام آباد، گوجرانوالہ (مانیٹرنگ ڈیسک، بیورو رپورٹ) وزیر دفاع خواجہ آصف کا کہنا ہے کہ عمران خان کا اقتدار کا نشہ ٹوٹ رہا ہے اس لیے وہ قومی سلامتی اور قومی وجود پر حملہ کر  رہے ہیں۔اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے خواجہ آصف کا کہنا تھا عمران خان کی جانب سے اداروں، آرمی چیف کی تعیناتی، آئی ایم ایف کے پروگرام اور سیلاب متاثرین کی امداد کو نشانہ بنایا جا رہا ہے۔خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ عمران خان کا اقتدار کا نشہ ٹوٹ رہا ہے، عمران خان قومی سلامتی اور قومی وجود پر حملہ کر رہے ہیں، اپنے اقتدار کے لیے عمران خان ملک کی سلامتی بھی داو پر لگا سکتے ہیں۔خواجہ آصف نے کہا کہ عمران خان کے خلاف قانون اور قاعدے کے مطابق کارروائی ہونی چاہیے، ملک کو آج جس قدر استحکام کی ضرورت ہے ماضی میں کبھی نہیں رہی۔ان کا کہنا تھا کہ سیلاب کی موجودہ صورتحال میں سیاست کو کچھ دیر کے لیے ایک طرف رکھ دینا چاہیے، تمام سیاسی جماعتوں کو سیلاب متاثرین کی مدد کرنی چاہیے۔آرمی چیف کی تقرری سے متعلق سوال پر خواجہ آصف کا کہنا تھا نومبر میں شہباز شریف آئین کے مطابق نئے آرمی چیف کا تقرر کریں گے، عمران خان کے کہنے سے کیا فرق پڑتا ہے وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ دورہ ازبکستان کامیاب رہا اور وزیر اعظم نے شنگھائی تعاون تنظیم اجلاس میں پاکستان کا مؤقف اٹھایا۔ وزیر اعظم شہبازشریف نے رکن ممالک کے سربراہان سے بھی ملاقاتیں کیں۔اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ وزیر اعظم نے شنگھائی تعاون تنظیم اجلاس میں سیلابی صورتحال سے متعلق شرکا کو آگاہ کیا اور رکن ممالک نے وزیر اعظم کو تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ چینی صدر نے وزیر اعظم شہباز شریف کو کہا کہ ہم آپ کو عملیت پسندی کی خوبی سے واقف ہیں، یوکرین سے متعلق مؤقف پر روس نے پاکستان کی تائید کی جبکہ وزیر اعظم 2 روز بعد جنرل اسمبلی اجلاس میں شرکت کے لیے نیویارک جائیں گے۔خواجہ آصف نے کہا کہ 6 ماہ قبل جب اقتدار سنبھالا تو مشکلات کا شکار تھے اور دنیا آج پاکستان کی مدد کے لیے تیار ہے، آئندہ دنوں میں اشیاء کی قیمتوں میں کمی دیکھنے کو ملے گی۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب، وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا اور وزیراعلیٰ گلگت بلتستان سیلابی صورتحال میں کہیں نظر نہیں آئے، سردی آگئی ہے اور سیلاب متاثرین کھلے آسمان تلے بیٹھے ہیں جبکہ قحط کی صورتحال کا بھی سامنا ہوسکتا ہے اور ہمیں ممکنہ قحط سے بچنے کے لیے بہت کچھ کرنا ہو گا۔وزیر دفاع نے کہا کہ عمران خان نے ایک ہی رٹ لگا رکھی ہے کہ میرا اقتدار واپس کرو اور اس سے بڑھ کر اور کیا خود غرضی ہوسکتی ہے کہ عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) سے کہا پاکستان کی مدد نہ کرو۔

وفاقی وزیر برائے توانائی خرم دستگیر نے کہا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف آرمی چیف کی تعیناتی کا فیصلہ برطانیہ میں موجود مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف کے مشورے سے کریں گے۔گوجرانوالہ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیر توانائی نے کہا کہ نیٹ میٹرنگ کے نظام میں کوئی تبدیلی نہیں کی جارہی، جن لوگوں کے گھر سولر لگے ہیں ان کیلئے کوئی تبدیلی نہیں، اکتوبر سے فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ میں کمی آئیگی۔سپہ سالار کی تعیناتی کے حوالے سے انہوں نے دعویٰ کیا کہ وزیراعظم شہباز شریف آرمی چیف کی تعیناتی کا فیصلہ لندن میں موجود مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف کے مشورے سے کریں گے۔وفاقی وزیر نے عمران خان کا نام لیے بغیر کہاکہ یہ جتنی مرضی ملاقاتیں کرلیں، آخر فیصلہ وزیراعظم نے کرنا ہے۔ عمران خان اگر عوام کے خیر خواہ ہیں تو ان کو خیر پور ناتھن شاہ جانا چاہیے۔پٹرول کی قیمتوں میں اضافے پر مریم نواز کے اختلاف کا سوال ہوا تو خرم دستگیر نے جواب دیاکہ مریم نوازپارٹی کی نائب صدرہیں پارٹی میں اختلاف رائے ضرور ہوتا ہے۔

خرم دستگیر

مزید :

صفحہ اول -