پشاور کے تاجروں کی سیلاب زدگان کو نقد مالی امداد کی فراہمی

پشاور کے تاجروں کی سیلاب زدگان کو نقد مالی امداد کی فراہمی

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


      پشاور (سٹی رپورٹر) ملک کی تاریخ میں سیلاب سے متاثرہ گھرانوں کی تاریخی امداد کرکے بزنس کمیونٹی اور تاجر برادری نے دکھی عوام کے دل جیت لیے، پشاور میں سیلاب زدگان کی مالی امداد کے لیے پروقار تقریب کے انعقاد نے تاریخ رقم کردی، شہر کے مضافاتی علاقوں کے سینکڑوں گھرانوں میں باعزت طور پر بیس بیس ہزار اور دس دس ہزار روپے کی مالی امداد تقسیم کی گئی، میئر پشاور حاجی زبیر علی کا کہنا ہے کہ سیلاب زدگان ہمارے بہن بھائی ہیں جن کی ہر طرح کی امداد کے بعد اب ہمارہ مشن ہے کہ ان کی آبادکاری کو یقینی بنایا جائے، حاجی غلام علی، سید ظاہر علی شاہ، ملک مہر الٰہی، سرتاج احمد خان اور مولانا امان اللہ حقانی سمیت دیگر نے بھی اپنے خطاب میں سیلاب زدگان کی ڈھارس بندھائی اور انہیں ہر قدم پے تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ اس حوالے سے ایک پروقار تقریب گزشتہ روز فیڈریشن آف پاکستان، سارک چیمبر، مرکزی تنظیم تاجران اور اہلیان پشاور کی جانب سے نشتر ہال پشاور میں منعقد کی گئی۔ تقریب میں میئر پشاور حاجی زبیر علی نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ سابق ضلع ناظم سینیٹر حاجی غلام علی کی صدارت میں ہونے والی تقریب میں ایف پی سی سی آئی کے نائب صدر عمر مسعود الرحمن، کوآرڈینیٹر سرتاج احمد خان،ریجنل سیکرٹری خالد خان، مرکزی تنظیم تاجران کے صدر ملک مہر الٰہی، سابق صوبائی وزیر صحت سید ظاہر علی شاہ، مہمند چیمبر کے صدر سجاد علی،ملاکنڈ چیمبرکے صدر محمد شعیب خان، آٹا ڈیلرز ایسوسی ایشن کے صدر وحید، شکیل صراف، پشاور چیمبر کے صدر خالد فاروق ملک، عدنان جلیل، حاجی فضل الٰہی، اور ان سمیت صوبے کے دیگر چیمبرز کے صدور و عہدیداروں سمیت بزنس کمیونٹی اور تاجر برادری نے شرکت کی۔ تقریب کا آغاز قاری بشیر کی تلاوت قرآن پاک سے ہوا جسکے بعد تقریب میں شریک ہونے والے شہر کے مضافاتی سیلاب زدہ علاقوں کے چار سو سے زائد گھرانوں کے سربراہان میں نقد امدادی رقوم باعزت طور پر انہیں مدعو کرکے تقسیم کی گئیں۔ اس حوالے سے تصدیق شدہ لسٹ ضلعی انتظامیہ سے حاصل کی گئی تھی جسکے مطابق ان متاثرین کو دعوت دی گئی۔ امدادی رقوم کی تقسیم کے عمل کو مکمل شفاف بنانے کے لیے ضلعی انتظامیہ کی جانب سے موصول شدہ تفصیلات پر ہی متاثرین میں سے جس کسی کا گھر سیلاب سے تباہی کا شکار ہوا انہیں موقع پر ہی 20 ہزار روپے نقد جبکہ جزوی نقصان میں آنے والے گھرانوں کے سربراہان کو 10 ہزار روپے نقد فراہم کیے گئے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے میئر پشاور حاجی زبیر علی کا کہنا تھا کہ سیلاب کی اس صورتحال نے ہمیں سبق دیا ہے کہ ہم اللہ سے رجوع کریں اور خصوصی طور پر مغفرت کی التجائیں کریں۔ انہوں نے کہا کہ سیلاب کے آغاز سے ہی وہ اور ان کے رفقا ئذاتی حیثیت میں سیلاب زدگان کی امداد و بحالی کے کاموں میں مصروف ہیں۔ اس میں سب سے پہلے سیلاب متاثرین کو دو ہفتوں سے زائد تک مسلسل کھانے پینے کی اشیائبہم پہنچائیں گئیں جبکہ اب ان کی دوبارہ آباد کاری کے لیے بھی کاوشوں کا سلسلہ جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ لائیو سٹاک، کھیتی باڑی اور زراعت کی مد میں سیلاب زدگان کی مدد کی جائے تو انہیں اپنے پاوں پر دوبارہ کھڑا کیا جاسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سیلاب زدگان کی مالی امداد کے لیے جو تقریب ایف پی سی سی آئی، مرکزی تنظیم تاجران اوراہلیان پشاور نے منعقد کی ہے اس کی مثال تاریخ میں نہیں ملتی۔ میئر پشاور کا کہنا تھا کہ نا کبھی پہلے دکھی انسانیت کی مدد سے پیچھے ہٹے اور نا ہی آئندہ ایسی کسی سوچ کے لیے دل و دماغ میں جگہ ہے۔ ہم نے ہمیشہ خدمت کی سیاست کی اور خدمت کی سیاست ہی کو جاری رکھینگے۔