عدل و انصاف ہی انقلاب و ملکی مشکلات کا حل ہے:فائق شاہ

  عدل و انصاف ہی انقلاب و ملکی مشکلات کا حل ہے:فائق شاہ

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


      پشاور(سٹی رپورٹر) چیئرمین امن ترقی پارٹی محمد فائق شاہ نے کہا ہے کہ عدل و انصاف اور محروم طبقات کو ظالمانہ نظام سے نجات دلانا سب سے بڑا انقلاب اور پاکستان کی مشکلات کا بہترین حل ہے جس کے لئے اہل، باصلاحیت افراد اور تمام محب وطن قوتوں کو متحد ہونا پڑے گا، محمد فائق شاہ امن ترقی پارٹی کی مشاورتی اجلاس اور مختلف وفود سے گفتگو کر رہے تھے، ممتاز سیاسی رہنما بشیر احمد کیانی بھی اس موقع پر موجود تھے، بشیر احمد کیانی نے چیئرمین امن ترقی پارٹی سے ملاقات کی اور ملکی مسائل پر تبادلہ خیال کیا، اس موقع پر نزاکت حسین عباسی ایڈوکیٹ، محمد اویس خان، شرافت حسین ایڈوکیٹ، منصور چوہان، یوتھ ونگ کے رہنما وقاص جنجوعہ، راجہ بشیر احمد، عالم زیب خان، وسیم ڈار اور کئی دوسرے رہنماؤں نے بھی خطاب کیا، انہوں نے کہا کہ سیاسی رہنما ہوں یا امر پاکستان کے عوام کو انصاف نہیں دلا سکے، حقیقی جمہوریت اور عوامی فلاح کا سفر انصاف کا تقاضا کرتا ہے یہاں حکمران احتساب، قانون اور انصاف کے نام پر صرف سیاست کرتے ہیں، عدالتوں میں ججز کی تعداد آبادی کے تناسب سے ہونی چاہیے تھی مگر یہاں موجود نظام میں بھی ہزاروں ججز کی آسامیاں خالی اور نو لاکھ سے زائد مقدمات التواء کا شکار ہیں وہاں فوری انصاف کیسے ہو سکتا ہے، اس بوسیدہ نظام کے خاتمے کیلئے نظام عدل، انتخابات، اور گورننس کے شعبوں میں وسیع اصلاحات لانی ہوں گی۔اس موقع پر بشیر احمد کیانی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اس وقت محروم طبقات اور ملک کا سب سے بڑا مسئلہ عدل و انصاف کی عدم دستیابی ہے جس کو تمام محب وطن قوتوں کو مل کر آواز بلند کرنا ہوگی تاکہ معاشرے کو انصاف ملے ایسی قوم اور معاشرے کو کوئی نقصان نہیں پہنچا سکتا جہاں عدل ہو، انہوں نے باہمی اشتراک سے ایک اصلاحاتی ایجنڈا قوم کے سامنے رکھنے کا فیصلہ کیا اور امن ترقی پارٹی کے ساتھ مل کر بھرپور جدوجہد کے عزم کا اظہار کیا، انہوں نے کہا کہ وکلاء، نوجوانوں اور باصلاحیت افراد کو آگے آنا ہو گا تاکہ ملک گیر جدوجہد میں کردار ادا کیا جائے، امن ترقی پارٹی کے چیئرمین محمد فائق شاہ نے بشیر احمد کیانی کے اس عزم کو خراج تحسین پیش کیا اور مل کر  چلنے کا فیصلہ کیا۔