عمران خان کا دورہ چارسدہ،سیلاب زدگان کا فاروق اعظم چوک میں احتجاجی مظاہرہ

عمران خان کا دورہ چارسدہ،سیلاب زدگان کا فاروق اعظم چوک میں احتجاجی مظاہرہ

  

        چارسدہ(بیورو رپورٹ)سیلابی آفت کے دوران تحریک انصاف کے صوبائی حکومت سے نالاں، مایوس اور امداد سے محروم سینکڑوں سیلاب زدگان نے پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان کے دورہ چارسدہ کے موقع پر فاروق اعظم چوک میں احتجاجی مظاہرہ کیا۔مظاہرین نے عمران خان اور صوبائی حکومت کے خلاف شدید نعرہ بازی کرتے ہوئے شکوہ کیا کہ مصیبت کے وقت متاثرین سیلاب کو نظر انداز کرنے والے کس منہ سے ووٹ مانگنے کے لئے آئے ہیں۔دوسری جانب چارسدہ پولیس کی جانب سے مظاہرین پرتشدد کرتے ہوئے انہیں حراست میں لیا  جس پرایمل ولی خان نے واقعہ کی مذمت کرتے ہوئے پولیس سے فوری طو رپر مظاہرین کو رہاکرنے کا مطالبہ کیا۔ تفصیلات کے مطابق چارسدہ میں پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی چیئرمین عمرا ن خان کی آمد کے موقع پر سیلاب سے متاثر ہ مختلف ویلج کونسل ناظمین نے درجنوں سیلاب   زدگان کے ہمراہ چارسدہ کے فاروق اعظم چوک میں احتجاجی مظاہرہ کیا۔اس موقع پر مظاہرین نے بینرز اور پلے کارڈ اٹھا رکھے تھے جس پر صوبائی حکومت اور عمران خان کے خلاف نعرے درج تھے جب کہ اس موقع پر مظاہرین نے صوبائی حکومت کے خلا ف شدید نعرہ بازی بھی کی۔ اس موقع پر مظاہرین کا کہنا تھا کہ 26 اگست کو چارسدہ میں سیلاب نے تباہی مچا دی تھی جس سے لاکھوں لو گ متاثر اور ہزاروں کی تعداد میں بے گھر ہو چکے ہیں۔ سیلاب متاثرین باربار امداد کے حصول کے لئے حکومت اور انتظامیہ کی منت سماجت کر رہے ہیں لیکن انہیں کسی قسم کی ریلیف نہیں دی جار ہی، مصیبت کے وقت عمران خان کوچارسدہ کے عوام کی کوئی فکر نہیں تھی لیکن اب جب الیکشن کا وقت آ پہنچا تو عمرا ن خان سمیت پوری صوبائی حکومت کی کابینہ کو سیلاب سے متاثرہ افراد کی یاد آئی ہے۔ اس مو قع پر سیلاب متاثرین نے کا کہنا تھا کہ مصیبت کے وقت سیلاب زدگان کو نظر انداز کرنے والے اور راتوں رات ان کو ریلیف کیمپوں سے نکالنے والے آج کس منہ سے ووٹ مانگنے کے لئے آئے ہیں۔ دوسری جانب پولیس کی جانب سے منع کرنے کے باوجود مظاہرہ کرنے پر چارسدہ پولیس نے مظاہرین پر تشدد کیا گیا اور ان کی گرفتاریاں عمل میں لائی گئی جس پر عوامی نیشنل پارٹی ایمل ولی خان اور ضلعی صدر ایم پی اے شکیل بشیر خان نے سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے پولیس سے متاثرین سیلاب کو فوری طور پر رہا کرنے کا مطالبہ کیا۔ دوسری جانب عمران خان کے جلسہ گاہ پہنچنے پر چارسدہ پولیس نے مظاہرین کو رہا کر دیا۔

مزید :

پشاورصفحہ آخر -