وزیر اعطم کا دورہ کامیاب رہا،ملک میں قحط کی صورتحال سے بچنے کیلئے ہمیں بہت کچھ کرنا ہوگا:خواجہ آصف

  وزیر اعطم کا دورہ کامیاب رہا،ملک میں قحط کی صورتحال سے بچنے کیلئے ہمیں بہت ...

  

        اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک، نیوز ایجنسیاں) وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ دورہ ازبکستان کامیاب رہا اور وزیر اعظم نے شنگھائی تعاون تنظیم اجلاس میں پاکستان کا مؤقف اٹھایا۔ وزیر اعظم شہبازشریف نے رکن ممالک کے سربراہان سے بھی ملاقاتیں کیں۔اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ وزیر اعظم نے شنگھائی تعاون تنظیم اجلاس میں سیلابی صورتحال سے متعلق شرکا کو آگاہ کیا اور رکن ممالک نے وزیر اعظم کو تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ چینی صدر نے وزیر اعظم شہباز شریف کو کہا کہ ہم آپ کو عملیت پسندی کی خوبی سے واقف ہیں، یوکرین سے متعلق مؤقف پر روس نے پاکستان کی تائید کی جبکہ وزیر اعظم 2 روز بعد جنرل اسمبلی اجلاس میں شرکت کے لیے نیویارک جائیں گے۔خواجہ آصف نے کہا کہ 6 ماہ قبل جب اقتدار سنبھالا تو مشکلات کا شکار تھے اور دنیا آج پاکستان کی مدد کے لیے تیار ہے، آئندہ دنوں میں اشیاء کی قیمتوں میں کمی دیکھنے کو ملے گی۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب، وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا اور وزیراعلیٰ گلگت بلتستان سیلابی صورتحال میں کہیں نظر نہیں آئے، سردی آگئی ہے اور سیلاب متاثرین کھلے آسمان تلے بیٹھے ہیں جبکہ قحط کی صورتحال کا بھی سامنا ہوسکتا ہے اور ہمیں ممکنہ قحط سے بچنے کے لیے بہت کچھ کرنا ہو گا۔وزیر دفاع نے کہا کہ عمران خان نے ایک ہی رٹ لگا رکھی ہے کہ میرا اقتدار واپس کرو اور اس سے بڑھ کر اور کیا خود غرضی ہوسکتی ہے کہ عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) سے کہا پاکستان کی مدد نہ کرو۔

خواجہ آصف

مزید :

صفحہ اول -