تیل اورگیس کی تلاش کرنیوالے سرکاری ادارے مالی بحران کا شکار ، پیداواری کارروائیاں معطل اور گیس سپلائی بند ہونے کا خطرہ

اسلام آباد ( مانیٹرنگ ڈیسک ) ایک طرف پیٹرولیم مصنوعات کی بڑھتی قیمتوں نے عوام کا جینا دوبھر کر رکھا ہے تو دوسری جانب تیل اورگیس کی تلاش کرنیوالے سرکاری اداروں کے مالی بحران کا شکار ہونے خبریں سامنے آ رہی ہیں ۔ بتایا جا رہا ہے کہ اس مالی بحران کے باعث پیداواری کارروائیاں معطل ہونے اور گیس سپلائی بند ہونے کا خطرہ ہے ۔ " جیو نیوز " کے مطابق تیل اور گیس کی تلاش کے سرکاری اداروں کو نقد رقم کے بحران کا سامنا ہے جس کی وجہ سے او جی ڈی سی ایل، پی پی ایل اور جی ایچ پی ایل کیلئے سرگرمیاں جاری رکھنا مشکل ہوگیا ہے اور اب پیداواری کارروائیاں معطل کرنے اور گیس کی سپلائی بند ہونے کا خطرہ بڑھ گیا ہے۔
او جی ڈی سی ایل، پی پی ایل اور جی ایچ پی ایل سمیت ملک کے پبلک سیکٹر ایکسپلوریشن اینڈ پروڈکشن (ای اینڈ پی) ادارے نقدی کے بہاؤ کے غیر معمولی بحران میں پھنس گئے ہیں جس کی وجہ سے ان سب نے نہ صرف ارضیاتی سرگرمیوں میں خاطر خواہ کمی کی ہے بلکہ انہوں نے تیل اور گیس کی تلاش کی سرگرمیاں 50 فیصد تک محدود کردی ہیں، ادائیگیاں ہنگامی بنیادوں پر نہ کی گئیں تو گیس کی سپلائی بند ہو نے کا خطرہ ہے۔