انٹراپارٹی انتخابات نہ کرانے پر پی ٹی آئی کی تحلیل کیلئے درخواست  چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ کو واپس بھجوا دی گئی 

Sep 18, 2024 | 01:06 PM

لاہور(ڈیلی  پاکستان آن لائن)انٹراپارٹی انتخابات نہ کرانے پر پی ٹی آئی کی تحلیل کیلئے درخواست  چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ کو واپس بھجوا دی گئی ۔

نجی ٹی وی چینل دنیا نیوز کے مطابق لاہور ہائیکورٹ میں انٹراپارٹی انتخابات نہ کرانے پر پی ٹی آئی کی تحلیل کیلئے دائر درخواست پر سماعت  ہوئی، درخواست گزارآفاق احمد لاہور ہائیکورٹ کے رو بروپیش ہوئے،درخواست میں وفاقی حکومت ،الیکشن کمیشن اور دیگر کو فریق بنایا گیا ہے،درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ پی ٹی آئی نے انٹراپارٹی انتخابات نہیں کرائے جو قوانین کی خلاف ورزی ہے،الیکشن کمیشن نے انتخابات نہ کرانے پر آل پاکستان مسلم لیگ کو تحلیل کیا، انٹراپارٹی انتخابات نہ کرانے پر پی ٹی آئی کے عہدیدار اپنے عہدوں پر نہیں رہ سکتے،درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ انٹراپارٹی انتخابات نہ کرانے پر پی ٹی آئی کو بطور جماعت تحلیل کیا جائے ۔

جسٹس شمس محمود مرزا نے کیس دوسرے بنچ کو واپس بھجوانے کی سفارش کردی،عدالت نے کہاکہ اس کیس کی سماعت  جسٹس علی باقر نجفی کررہے ہیں، پٹیشن واپس اسی بنچ کو بھیجنا مناسب ہے،عدالت نے کیس مزید سماعت کیلئے چیف جسٹس کو واپس بھجوا دیا۔

مزیدخبریں