غزہ، اسرائیلی ٹینکوں کی یلغار، خوفناک بمباری، بچوں سمیت مزید 100فلسطینی شہید

  غزہ، اسرائیلی ٹینکوں کی یلغار، خوفناک بمباری، بچوں سمیت مزید 100فلسطینی ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

                                                                                    غزہ (آئی این پی)غزہ میں اسرائیلی فو ج کے زمینی آپریشن کے دوران اسرائیلی ٹینکوں کی یلغار اور خوفناک بمباری کا سلسلہ جاری ہے،صیہونی فورسز نے 24گھنٹے کے دوران بچوں سمیت 100سے زائد فلسطینی شہید کر دیئے، مساجد سمیت درجنوں گھروں کو بھی مسمار کر دیا، غزہ کے پناہ گزین کیمپوں میں جگہ کم پڑ گئی۔غیرملکی میڈیارپورٹ کے مطابق فرانس نے غزہ میں اسرائیلی فوج کے زمینی آپریشن کی شدید مذمت کی، فرانسیسی وزارت خارجہ نے مطالبہ کیا کہ اسرائیل کا فوجی آپریشن تباہ کن ہے اسے فوری روکا جائے۔ دوسری جانب اسرائیل نے یمن کے الحدیدہ بندرگاہ پر ایک بار پھر فضائی حملے کردئیے۔عرب میڈیا کے مطابق اسرائیلی فوج نے بندرگاہ پر 12فضائی حملے کیے اور فضائی کارروائی تقریبا 10 منٹ تک جاری رہی۔ اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ یہ کارروائی حوثیوں کی فوجی سرگرمیوں کے جواب میں کی گئی ہے اور اس میں حوثیوں کے 10مقامات کو نشانہ بنایا گیا۔ صیہونی فوج نے الزام عائد کیا کہ الحدیدہ بندرگاہ سے حوثی ایران سے اسلحہ وصول کرتے ہیں۔اسرائیلی فوج نے حملے سے قبل الحدیدہ بندرگاہ اور وہاں لنگر انداز جہازوں کو خالی کرنے کا انتباہ جاری کیا تھا۔عینی شاہدین اور بندرگاہ کے ذرائع کے مطابق اسرائیلی حملوں کا ہدف 3وہ ڈوکس تھے جو پچھلے حملوں کے بعد بحال کیے گئے تھے۔دوسری جانب حوثیوں نے اسرائیلی فوج کی جارحیت کے جواب میں اسرائیل پر بیلسٹک میزائل داغ دیا جس کے بعد اسرائیل کے کچھ علاقوں میں سائرن بج اٹھے۔حوثی ترجمان نے کہا کہ وہ اسرائیلی فوج کی وحشیانہ کارروائیوں کے خلاف اقدامات کرتے رہیں گے۔

فلسطینی شہید

مزید :

علاقائی -