چارلی کرک کوقتل کرنیوالے ملزم پر فرد جرم عائد، پراسیکیوٹر کی سزائے موت دینے کی استدعا
واشنگٹن (آئی این پی)امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے قریبی ساتھی چارلی کرک کو قتل کرنیوالے ملزم ٹائلر رابنسن پر فرد جرم عائد کر دی گئی۔امریکی میڈیا رپورٹ کے مطابق ملزم ٹائلر رابنسن کو ویڈیو لنک کے ذریعے پرووو کی عدالت میں پیش کیا گیا جہاں پراسیکیوٹر کی جانب سے ملزم کو سزائے موت دینے کی استدعا کی گئی۔میڈیا رپورٹس کے مطابق ملزم ٹائلر را بنسن پر قتل، شواہد مٹانے اور گواہ کو متاثر کرنے سمیت7 الزامات ہیں۔پراسیکیوٹر نے عدالت کو بتایا ملزم نے اپنے روم میٹ کو بھیجے گئے ٹیکسٹ میسجز میں اعتراف جرم کیا تھا، ملزم رابنسن نے لکھا کہ وہ چارلی کرک کی نفرت انگیزی سے تنگ آچکا تھا۔سرکاری وکیل نے بتایا ملزم کا ڈی این اے بھی رائفل سے ملے نمونوں سے میچ کر گیا ہے۔امریکی میڈیا رپور ٹس کے مطابق چارلی کرک قتل کیس کی اگلی سماعت 29 ستمبر کو ہو گی۔
