گرانفروشوں کے خلاف کریک ڈاؤن، 213گرفتار، بھاری جرمانے
لاہور (لیڈی رپورٹر):وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر گراں فروشی کے خلاف کریک ڈاؤن کے دوران گزشتہ 24 گھنٹوں میں 5 لاکھ 12 ہزار 733 مقامات کی چیکنگ کی گئی، 11 ہزار 955 افراد گراں فروشوں کو جرمانے عائد، 213 گرفتار جبکہ 16 کیخلاف مقدمات درج کروائے گئے، ترجمان محکمہ پرائس کنٹرول کے مطابق آٹے کی نرخوں میں گراں فروشی پر 765 افراد کو جرمانہ عائد جبکہ 22 افراد گرفتار کروائے گئے،اسی طرح چکن و میٹ شاپس کی چیکنگ کے دوران949 افراد کو جرمانے عائد جبکہ 31 کو گرفتار کیا گیا، روٹی کی قیمت میں گراں فروشی پر 559 افراد کو جرمانہ عائد جبکہ 20 گرفتار کو گرفتار کروایا گیا،مہنگی چینی فروخت کرنے پر 1249 افراد کو جرمانے عائد جبکہ 57 گرفتار کروائے گئے۔دوسری جانب شہر میں سبز مصالحہ جات اور موسمی سبزیوں کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے جبکہ سرکاری ریٹ لسٹ پر عملدرآمد نہ ہونے کے برابر ہے۔پرچون میں پیاز 120، ٹماٹر 180، لہسن 500، ادرک 640، جبکہ لیموں اور سبز مرچ 200 روپے فی کلو تک پہنچ چکی ہیں، دیسی ٹینڈے 380، کریلے 250 اور پالک 150 روپے فی کلو میں دستیاب ہیں۔ادھر برائلر گوشت کی قیمت میں 15 روپے کمی کے بعد سرکاری نرخ 562 روپے مقرر کیا گیا ہے، لیکن صافی برائلر بدستور 650 روپے فی کلو میں فروخت ہو رہا ہے۔فارمی انڈے بھی 305 روپے فی درجن پر برقرار ہیں، شہریوں کا کہنا ہے کہ سبزیوں اور گوشت کی قیمتیں مسلسل بڑھ رہی ہیں۔
اور اب یہ ان کی قوتِ خرید سے باہر ہو چکی ہیں، جبکہ پھل بھی من مانے نرخوں پر فروخت ہو رہے ہیں۔
