پاکستان اور پولینڈ کے درمیان دفاعی معاہدے پر دستخط
وارسا(ڈیلی پا کستان آن لائن)پاکستان اور پولینڈ نے دو طرفہ معاہدے پر دستخط کئے ہیں جس کے تحت دونوں ملکوں کے دفاعی شعبے میں تعاون میں اضافہ ہوجائے گا۔
تفصیلات کے مطابق وزیردفاع خرم دستگیر خان گزشتہ روز پولینڈ کے دارالحکومت وارسا پہنچے تھے جہاں انہوں نے اپنے وفد کے ہمراہ پولینڈ کے وزیردفاع مسٹر ماروز بلاشچاک سے مذاکرات کئے۔دونوں ملکوں کے حکام نے دفاعی معاہدے کو دوطرفہ تعلقات کے فروغ کے حوالے سے اہم قرار دیا ہے۔
اس سے قبل جب پاکستانی وزیر دفاع پولش وزارت دفاع پہنچے تو ان کا پولینڈ کے وزیر دفاع نے استقبال کیا اور ان کے اعزاز میں گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔ اس دوران دونوں ملکوں کے ترانے بجائے گئے۔دوطرفہ مذاکرات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور اور دوطرفہ مفادات پر تبادلہ خیال کیا گیا اور ان تعلقات کو بڑھانے کے لیے مفید آرااور تجاویز پر غور کیا گیا۔پاکستانی وزیر دفاع خرم دستگیر خان نے کہاکہ ہمارا پولینڈ کے ساتھ دفاعی معاہدہ ائیرکموڈور آنجہانی تورو ویش کی یاد کو تازہ کررہاہے اور اس سے دونوں ملکوں کے درمیان تعاون کے رشتے مزید مضبوط ہوں گے۔وزیردفاع نے اپنے پولش ہم منصب کو پاکستان میں مثبت رحجانات خصوصاً اقتصادی ترقی، جمہوری ارتقا اور دہشت گردی کے خلاف جاری کامیاب جدوجہد سے آگاہ کیا۔انہو ں نے افغانستان میں امن کے لیے جاری کوششوں اور اس سلسلے میں پاکستان کے تعاون کے بارے میں بھی بتایا۔انھوں نے اپنے پولش ہم منصب مسٹر ماروز بلاشچاک کو پاکستان آنے کی دعوت دی جسے انھوں نے قبول کرلیا۔ اس دورے کی تواریخ کا اعلان بعد میں دوطرفہ مشاورت سے مناسب وقت پر کیا جائے گا۔