عمران خان کا بیان”نواز شریف کے خلاف کیس عدالت کو سننا پڑا“ توہین عدالت ہے:سعد رفیق
لاہور(ڈیلی پاکستان آن لائن)وفاقی وزیر ریلوے سعد رفیق کا کہنا ہے کہ عمران خان کا یہ بیان کہ ”نواز شریف کے خلاف کیس عدالت کو سننا پڑا“ کھلی توہین عدالت ہے، کیا کوئی انوکھے لاڈلے سے جواب طلبی کرے گا؟۔
سوشل میڈیا پر اپنے بیان میں وفاقی وزیر ریلوے کا کہنا تھا کہپاکستان میں آج تک کسی طاقتور کا احتساب نہیں ہوا، عمران کا بیانیہ جھوٹا ہے،بے ضمیر ، بے وفا اور ابن الوقت لوگوں کے گٹھ جوڑ کا دوسرا نام پی ٹی آئی ہے۔انہوں نے کہا کہ چوہدری نثار عمران جیسے دغاباز کے جھانسے میں آنیوالے نہیں ہیں ، عمران منہ دھو رکھو،ہمیں کوسنے اور طعنے دینے والے عمران اور زرداری خاموش پارٹنرز بن چکے ہیں۔
واضح رہے حال ہی میں عمران خان نے کہا تھا کہ لاہور میں ہونے والے جلسے میں چوہدری نثار کو شرکت کی دعوت دیں گے کیونکہ وہ میرے پرانے دوست بھی ہیں اور انہوں نے کم از کم اتنی ہمت کی کہ مریم نواز کے حکم کے سامنے جھکانے سے انکار کردیا ، میں انہیں تحریک انصاف میں شمولیت کی دعوت دیتا ہوں۔