’’ کاش ایسا الزام لگنے سے پہلے میں ۔۔۔۔ ‘‘ نیب کی جانب سے انکوائری کا حکم جاری ہونے کے بعد خواجہ سعد رفیق پھٹ پڑے ،حیران کن بیان جاری کر دیا
لاہور(ڈیلی پاکستان آن لائن)وفاقی وزیر ریلوے اور مسلم لیگ ن کے مرکزی رہنما خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ ریلوے میں کرپشن اور اقرباء پروری کے آگے بند باندھا، اب اس کی سزا کاٹ رہا ہوں، کاش ایسا الزام لگنے سے پہلے مر جاتا، آج پھر شدید دلی تکلیف ہوئی ہے،جتنا ستانا ہے ستا لو ، خدا دیکھ رہا ہے۔
تفصیلات کے مطابق نیب کی جانب سے اپنے خلاف شکایات کی جانچ پڑتال کا حکم جاری ہونے کے بعد وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ’’ ٹویٹر ‘‘ پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ میری کردار کشی کی افسوسناک اور گھناؤنی مہم جاری ہے، پہلے آشیانہ سکیم سے جوڑنے کی کوشش کی گئی پھر ایک ہاؤسنگ سکیم کا مالک بنا دیا گیا،پھر میری اور میرے بھائی کی 40 کنال ملکیتی جگہ کا ڈھول پیٹا گیا جو کہ ہمارے اثاثہ گوشواروں میں پہلے سے موجود ہے،اب ریلوے میں کرپشن کے الزام کا سامنا ہے ، جھوٹے الزامات تراشنے والے اللہ کے قہر سے ڈریں۔انہوں نے کہا کہ خاموش رہوں تو کہا جاتا ہے کچھ غلط کیا ہے تبھی نہیں بولتے ، بولوں تو کہتے ہیں گستاخ محاذ آرائی کرتے ہیں، کیا کوئی انوکھے لاڈلے سے جواب طلبی کرے گا ؟۔انہوں نے کہا کہریلوے کے لئے صدق دل اور نیک نیتی سے کام کیا ،سوچتا تھا اس کا کچھ خیال رکھا جائیگا، میری سوچ غلط تھی ملک کے لئے کام کرنے کا صلہ الزامات اور سزائیں ہی ٹھہرا ہے۔خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ عمران کا بیان کہ انکے جلسوں کی وجہ سے عدالت کو نواز شریف کے خلاف کیس سننا پڑا کھلی توھین عدالت ہے، کیا کوئی انوکھے لاڈلے سے جواب طلبی کرے گا ؟؟پاکستان میں آج تک کسی طاقتور کا احتساب نہیں ھوا، عمران کا بیانیہ جھوٹا ہے،بے ضمیر ، بے وفا اور ابن الوقت لوگوں کے گٹھ جوڑ کا دوسرا نام پی ٹی آئی ہے،چوھدری نثار عمران جیسے دغاباز کے جھانسے میں آنیوالے نہیں ہیں ، عمران منہ دھو رکھو ،ہمیں کوسنے اور طعنے دینے والے عمران اور زرداری خاموش پارٹنرز بن چکے ہیں۔