جنسی ہراسگی کے الزام پر علی ظفر کی جانب سے جاری کردہ پیغام پر سوشل میڈیا صارفین بھی میدان میںآ گئے ، نئی بحث چھڑ گئی
لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن )گلوکارہ میشا شفیع کی جانب سے علی ظفر پر جنسی ہراسگی کا الزام عائدکیا گیا جس پر اب بین الاقوامی شہر ت کے مالک گلوکار و اداکار علی ظفر نے بھی جواب جاری کر دیاہے اور الزامات کو مسترد کرتے ہوئے الزام تراشی نہ کرنے کے بجائے عدالت جانے کا اعلان کر دیاہے جس پر سوشل میڈیا صارفین اپنی رائے کا اظہار کر رہے ہیں ۔
تفصیلات کے مطابق علی ظفر کی مداح نادیہ خٹک نامی خاتون صارف میدان میں آئیں اور انہوں نے علی ظفر کو رول ماڈل قرار دیتے ہوئے کہا کہ میں آپ کے ساتھ کھڑی ہوں اور میں ایک عورت ہوتے ہوئے کہتی ہوں کہ 60 سکینڈ کی مشہوری کیلئے کسی پر الزام عائد کرنا اچھی بات نہیں ہے ، اور کچھ غلط لوگوں نے ’می ٹو ‘ تحریک کو ہائی جیک کر لیاہے ۔
نوید شہزاد نامی صارف کا کہناہے کہ آپ عدالت میں لازمی جائیں اور اگر الزام غلط ثابت ہوتاہے تو عدالت سے سزا ضرور ملنی چاہیے کیونکہ اس طرح الزامات لگانے کی کسی کو اجازت نہیں ہونی چاہیے اس طرح جو حقیقی طور پر متاثرہ خواتین ہیں ان کو تکلیف پہنچے گی ۔
ایک خاتون صارف نے یہاں پر علی ظفر کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ آپ ایک باپ ہیں یہ آپ کی غلطیوں پر پردہ نہیں ڈال سکتا ، آپ اس معاملے کو عدالت لے جائیں لیکن اپنی فیملی اور رشتہ داروں کو اس کے باہر چھوڑ کر جائیں ، اس کا کوئی مقصد نہیں ہے ۔
خاتون صارف کے اس ٹویٹ پر ایک اور صارف میدان میں آئے اور جواب دیتے ہوئے کہا کہ ”محترمہ مہوش کی عدالت نے تو انہیں پہلے ہی مجرم ثابت کر دیا ہے ، آپ کا فیصلہ کیا ہوگا ، میم “۔
جس پرخاتون نے دوبارہ جواب دیتے ہوئے کہا کہ ’آپ بالکل بھی funny نہیں ہیں ‘۔
مجموعی طور پر علی ظفر کے مداح ان کے حق میں جبکہ میشا شفیع کے مداح ان کے حق میں بیانات جاری کر رہے ہیں تاہم مجموعی طور پر اس معاملے کو عدالت میں ہی سلجھانے کے فیصلے کو سراہا جارہاہے ۔