کراچی میں غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کا سلسلہ جاری ،نیپرا نے کے الیکٹرک کو ذمہ دار قرار دے دیا
اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن ) شہر قائد میں شدید گرمی اور کئی کئی گھنٹے غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کے باعث عوام کو دہری پریشانی ہے ۔ایسی صورتحال میں نیپر ا اور کے الیکٹرک ایک دوسرے پر الزامات لگا کر معاملے کو مزید بگاڑ رہے ہیں ۔نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے کراچی میں لوڈشیڈنگ کا ذمہ دار کے الیکٹرک کو قرار دے دیا ہے جب کہ شہر میں بدترین لوڈشیڈنگ پر کمپنی سے جواب بھی طلب کرلیا گیا ہے۔
کراچی میں گرمی کے آغاز کے ساتھ ہی لوڈشیڈنگ میں غیر معمولی اضافہ کردیا گیا ہے اور کے الیکٹرک کی جانب سے شہر کے بیشتر علاقوں میں 10 گھنٹے تک کی لوڈشیڈنگ کی جارہی ہے۔لیاقت آباد ،گلشن اقبال ،گلستان جوہر ،ملیر،صفوراگوٹھ، نارتھ کراچی اور ایف بی ایریا سمیت کئی علاقوں میں گھنٹوں بجلی کی فراہمی معطل ہے۔جب کہ بجلی کی بندش کے باعث جہاں شہریوں کے معمولات زندگی متاثر ہیں وہیں احتساب عدالتوں میں مقدمات کی سماعت بھی متاثر ہوئی ہے اور عدالتی عملہ موبائل ٹارچ جلا کر کام کرنے پر مجبو رہے۔شہر میں بدترین لوڈشیڈنگ پر احتجاج کے بعد نیپرا نے اس معاملے کا نوٹس لیا تھا۔نیپرا کی ٹیکنیکل ٹیم نے 11 سے 13 اپریل تک کراچی کا دورہ کیا جہاں ٹیم نے کے الیکٹرک کے پاور پلانٹس اور گرڈ اسٹیشنز کا دورہ کیا اور شہریوں سے بھی ملاقات کی۔