ہندوستانی فلموں کے مشہور مزاحیہ اداکار ارشد وارثی بالی ووڈ میں قدم رکھنے سے پہلے کون سا کام کرتے تھے ؟ایسی حقیقت سامنے آ گئی کہ آپ کو یقین ہی نہیں آئے گا
ممبئی(ڈیلی پاکستان آن لائن)ہندوستانی فلم انڈسٹری میں آج کئی چمکتے دمکتے ستارے ایسے بھی ہیں جو بالی ووڈ میں قدم رکھنے سے پہلے ایسے ایسے کام کرتے رہے ہیں کہ جان کر کوئی بھی حیران رہ جائے ،کئی بھارتی فنکار ایسے ہیں جنہوں نے اپنے دَم پر بالی ووڈ میں قدم رکھا ،سخت محنت اور انتہائی مشکل حالات کا مقابلہ کرتے ہوئے روشنیوں کی مصنوعی دنیا میں ایسا مقام اور الگ شناخت قائم کی کہ ان کے ماضی کو دیکھا جائے تو حیرت ہوتی ہے ،بھارتی فلم انڈسٹری کا ایسا ہی ایک نام ارشد وارثی کا ہے جو ہندوستانی فلموں میں قدم رکھنے سے پہلے گھر گھر دروازہ کھٹکھٹا کر میک اَپ کا سامان اور کاسمٹکیس کی دیگر چیزیں فروخت کیا کرتے تھے جبکہ اس سے قبل وہ ایک معمولی سی فوٹو لیب میں بھی کام کرتے رہے ہیں ۔
بھارتی نجی ٹی وی کے مطابقبالی وڈ ستاروں کا فلمی سفر دور سے ہی دیکھنے میں بہت آسان لگتا ہے مگر یہ راستہ کانٹوں سے بھرا ہے۔ آ ج ہی کے روز 19اپریل 1968کو پیدا ہونے اور بھارتی فلموں میں کامیڈی کنگ کہلانے والے ارشد وارثی کا فلمی دور اور ابتدائی زندگی انتہائی دلچسپ رہی ہے ۔ اپنی پیدائش کے تھوڑے عرصے بعد ہی یتیم ہو جانے والے ارشد وارثی کا تعلق انتہائی غریب گھرانے سے تھا ،فلمی دنیا میں قدم رکھنے سے پہلے ارشد وارثی نے کئی معمولی معمولی کام کئے تاہم ان کی زندگی کی مشکلات کم نہ ہو سکیں ۔بچپن میں ہی ارشد وارثی کو ڈانس کا جنون تھا ،اپنے اسی جنون کی تکمیل کے لئے وہ ممبئی پہنچے ،فوری طور پر انہیں کسی نے گھاس ڈالنا بھی گوارا نہ کیا تو انہوں نے مختلف چھوٹے موٹے کام شروع کر دیئے ،ممبئی میں وہ گھروں کا دروازہ کھٹکھٹا کر میک اَپ کا سامنا بھی بیچا کرتے تھے ،تاہم جب ان کے مسائل بڑھتے گئے تو انہوں نے اپنے شوق کی خاطر ایک مقامی ڈانس گروپ جوائن کر لیا ،اسی گروپ میں رہتے ہوئے ارشد وارثی نے 1991میں ہونے والا مقامی ڈانس مقابلہ بھی جیت لیا تو ان پر فلم نگری کے دروازے وا ہونا تو شروع ہوئے تاہم کوئی بڑی کامیابی حاصل نہ ہو سکی تاہم عالمی رقص مقابلے میں انہوں نے خوب پذیرائی حاصل کی ۔1993میں ارشد وارثی نے ’’تیرے میرے سپنے ‘‘ نامی فلم سے بالی ووڈ میں اپنے سفر کا آغاز کیا ، اس فلم میں کام کرنے کا موقع ان کو جیا بچن نے دیا تھا، جبکہ اسی سال ارشد وارثی نے ماریا گوریٹی سے شادی رچا لی ۔ارشد وارثی کو بھارتی فلم نگری میں اصل شہرت سال 2003 سنجے دت کی مشہور ’’منا بھائی ایم بی بی ایس ‘‘ سے ملی جس کے بعد انہوں نے مڑ کر نہیں دیکھا ۔