”جب علی ظفر نے مجھے جنسی طور پر ہراساں کیا تو میں نے سب سے پہلے اس شخص کو بتایا تھا اور پھر۔۔۔“ میشا شفیع ایک مرتبہ پھر میدان میں آ گئیں ، وہ بات بتا دی جو پہلے نہ بتائی تھی
لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن )گلوکارہ میشا شفیع نے ٹویٹر پر پیغام جاری کرتے ہوئے علی ظفر پر جنسی ہراسگی کا الزام عائد کیا جس کی گلوکار کی جانب سے تردید کی گئی اور عدالت میں جانے کا اعلان کیا گیاہے تاہم اب میشا شفیع ایک مرتبہ پھر میدان میں آ گئیں ہیں اور انہوں نے کہا کہ اس واقعے کے بعد سب سے پہلے انہوں نے اپنے یہ معاملہ اپنے شوہر کو بتایا تھا ۔
نجی ویب سائٹ ’images‘ کو خصوصی انٹرویو دیتے ہوئے میشا شفیع کا کہناتھا کہ جب یہ واقع پیش آیا تو میں نے سب سے پہلے جس شخص کو بتایا وہ میرا شوہر تھا اور اس کی کچھ دیر بعد اس معاملے کا ذکر میں نے اپنی ٹیم کے ایک ممبر سے کیا اور پھر بعد میں اپنے قریبی دوست کو بھی بتایا ۔میشا شفیع کا کہناتھاکہ جب آپ حق پر ہوتے ہیں تو یہ سب بولنا اتنا مشکل نہیں ہوتا ، بطور والدین ہم اپنے بچوں کو سکھاتے ہیں کہ جب آپ کو غلط طریقے سے چھوئے تو اس پر فوری بولیں کیونکہ ان میں ان کی کوئی غلطی نہیں ہے تو پھر یہ کرنے میں اتنی مشکل کیوں ہے ۔ہر کسی کو جنسی طور پر ہراساں کیے جانے کے خلاف آواز اٹھانی چاہیے ۔
ان کا کہناتھا کہ میں اپنے اردگرد لوگوں کو سپورٹ کرتی ہوں اور میں ایک بااختیار خاتون ہوں لیکن اس فیصلے کے بعد مجھے مشکل وقت سے گزرنا پڑا ، مجھے امید ہے کہ میں اس ہچکچاہٹ کو ختم کرنے میں کامیاب ہو جاﺅں گی ، یہ میں صرف اپنے لیے نہیں کر رہی بلکہ جو نوجوان خواتین مجھے دیکھ رہی ہیں ان کیلئے بھی کر رہی ہوں جنہیں جنسی حراسگی کا سامنا کرنا پڑتاہے لیکن وہ خاموش رہتی ہیں ۔