وفاقی وزراءکے قلمدان تبدیل ، اس شورو غل میں چپکے سے جہانگیر ترین کو کونسا عہدہ دیدیا گیا ؟ سینئر صحافی کامران خان نے بڑا دعویٰ کر دیا
اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن )وزیراعظم عمران خان نے وفاقی کابینہ میں وزراءکے قلمدانوں میں بڑے پیمانے پر تبدیلیاں کر دی ہیں ، وزارت خزانہ کیلئے ڈاکٹر حفیظ شیخ کو مشیر مقرر کیا گیاہے جبکہ فواد چوہدری کو بھی دوسرا محکمہ دیدیا گیاہے ۔
تفصیلات کے مطابق سینئر صحافی کامران خان نے ٹویٹر پر پیغام جاری کرتے ہوئے کہاہے کہ وزیراعظم عمران خان نے پاکستانی معیشت سے جڑے تمام تر امور سدھارنے کیلئے پانچ ماہرین پر مبنی ایک بورڈ تشکیل دیا ہے جس میں شوکت ترین ، شبر زیدی ، سابق گورنر سٹیٹ بینک سلیم رضا ، صادق سید اور شیر اعظم مزاری شامل ہیں جبکہ پارٹی کے سینئر رہنما جہانگیر ترین اس فورم کے کنوینیئر ہوں گے اور یہ فورم وزیراعظم عمران خان کو رہنمائی فراہم کرے گا ۔
سید شبر زیدی پاکستان کے معروف ترین چارٹرڈ اکاﺅنٹنٹ ہیں جو کہ سندھ حکومت میں بطور صوبائی وزیر بھی خدمات سرانجام دے چکے ہیں ، اس کے علاوہ سید سلیم رضا جو کہ 2009 سے 2010 سٹیٹ بینک کے گورنر بھی رہے ہیں ۔