”محمد حسنین کو صرف رفتار کی وجہ سے ہی تجربہ کار باﺅلرز پر کیوں ترجیح دی؟“ انضمام الحق نے صحافی کو شاندار جواب دیدیا
لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیف سلیکٹر انضمام الحق نے کہا ہے کہ محمد حسنین جیسا باﺅلر ردھم میں آ جائے تو کسی بھی ٹیم کی بیٹنگ تہس نہس کر سکتا ہے، وہ پاکستان ٹیم کا سرپرائز پیکیج ثابت ہو سکتے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز انضمام الحق نے ورلڈکپ کیلئے قومی سکواڈ کا اعلان کیا تو ایک صحافی نے سوال پوچھا کہ آپ نے محمد حسنین کو صرف رفتار کی وجہ سے تجربہ کار باﺅلرز پر ترجیح کیوں دی؟
اس پر انضمام الحق نے کہا کہ کبھی آپ نے 150کلومیٹر کی رفتار سے آنے والی گیند کھیلی ہوتی تو بخوبی ہماری سلیکشن کی وجہ جان جاتے، حسن علی، جنید خان اور فہیم اشرف تجربہ کار ہیں لیکن ان کی رفتار ایک جیسی ہے۔ ان کے ساتھ کوئی ایکسپریس بولر ردھم میں آ جائے تو کسی بھی ٹیم کی بیٹنگ تہس نہس کرسکتا ہے، محمد حسنین پاکستان ٹیم کا سرپرائز پیکیج ثابت ہوسکتے ہیں۔
محمد عامر سے متعلق سوال پر انہوں نے کہا کہ وہ گزشتہ ایک سال سے اچھا پرفارم نہیں کررہے لیکن ردھم میں آ گئے تو بہت خوش آئند بات ہوگی، چیمپئنز ٹرافی فائنل میں انہوں نے بھارتی بیٹنگ لائن تباہ کردی تھی، اسی لئے ان کو انگلینڈ ساتھ لے کر جارہے ہیں۔