مشیر خورا ک کا سستا بازار اور موبائل آٹا ڈسٹری بیوشن پوائنٹس کا دورہ
پشاور (سٹاف رپورٹر)وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے مشیر خوراک خلیق الرحمن نے ضلع نوشہرہ میں قائم رمضان سستا بازار اور موبائل آٹاڈسٹری بیوشن پوائنٹس کا دورہ کیا۔ اس موقع پر خلیق الرحمن کو ضلعی انتظامیہ نوشہرہ کی جانب سے ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر آصف علی نے تینوں سستا بازاروں کے حوالے سے مکمل بریفنگ دی۔ مشیر خوراک نے سستا بازار میں مہیا کی جانے والی اشیاء کے معیار کو چیک کیا اور موقع پر موجود عوام سے سستا بازاروں میں مہیا کی جانیوالی سہولیات کے بارے میں معلومات حاصل کیں۔اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر پبی ثانیہ صافی، ٹی ایم او پبی اخلاق حسین اور ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولر شیر فیاض خان بھی موجود تھے۔ میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے خلیق الرحمن نے کہا کہ صوبائی حکومت کی پوری مشینری عوام کو ماہ صیام میں ریلیف پہنچانے کے لئے ایمرجنسی بنیادوں پر کام کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سستا بازاروں میں محکمہ خوراک کی جانب سے سبسڈائز ڈآٹا اورچینی فراہم کی جارہی ہے جبکہ دیگر اشیاء یوٹیلٹی سٹورزکے ذریعے جارہی ہیں۔ سستا بازار سے پہلی مرتبہ عوام کو ریلیف مل رہی ہے۔ انہوں نے ضلعی انتظامیہ کو سختی سے ہدایت کی کہ عوام کی ضروریات کے مطابق اشیائے خوردونوش کی وافر مقدار بازاروں میں مہیا کی جائے۔ انہوں نے محکمہ خوراک کے افسران کو ہدایت کی کہ صوبے کے جس فلور ملز سے بھی ناقص آٹے کی فراہمی کی شکایت ملی تو فلور ملز اور متعلقہ ڈی ایف سی کے خلاف سخت کاروائی کی جائے۔ انہوں نے تمام ڈی ایف سیز کو ہدایت کی کہ تمام فلور ملز کے آٹے کے معیار کو یکساں رکھیں اور ناقص آٹے کی تیاری پر متعلقہ ملز کے خلاف قانونی کاروائی کی جائے۔ انہوں نے عوام سے بھی اپیل کی کہ ذاتی عناد کی بنیاد پر شکایات درج کرنے سے گریز کریں اور حقیقی شکایات درج کریں تاکہ ناجائز منافع خوروں اور ذخیرہ اندوزوں کے خلاف ایکشن لے اسکیں۔ انہوں نے سستا بازاروں میں خواتین کے لئے الگ سہولت اور کورونا ایس او پیز پر بھی سختی سے عملدرآمد کرنے کی ہدایت کی۔ عوام کی جانب سے مشیر خوراک کو گوشت کے بڑھتے پر نرخ پر مشیر خوراک نے موقع پر سرکاری نرخ سے زائد گوشت فروخت کرنے والے قصائیوں کے خلاف بلا امتیاز کاروائی کے احکامات جاری کئے۔ انہوں نے محکمہ خوراک اور ضلعی انتظامیہ کو احکامات دیتے ہوئے کہا کہ سرکاری نرخ سے زائد پر گوشت فروخت کرنے والے قصائیوں کو جیل بھیجا جائے تاکہ وہ اس ماہ مبارک میں ناجائز منافع خوری نہ کرسکیں۔