پاکستانی ماہی گیروں کی ادارہ نور حق آمد، حافظ نعیم الرحمن سے ملاقات و اظہار تشکر

پاکستانی ماہی گیروں کی ادارہ نور حق آمد، حافظ نعیم الرحمن سے ملاقات و اظہار ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


 کراچی (اسٹاف رپورٹر) امیرجماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن سے ادارہ نورحق میں پاکستانی ماہی گیروں نے ملاقات کی۔ جماعت اسلامی کراچی کے شعبہ بین الاقوامی امور اور ڈائریکٹر امور خارجہ نوید علی بیگ کی کوششوں سے  وطن واپسی ممکن بنانے پران کا شکریہ ادا کیا۔ حافظ نعیم الرحمن نے ماہی گیروں کو پھولوں کے ہار پہنائے اور مولانا  سید ابو الاعلیٰ مودودی ؒ کا ترجمہ تفہیم القرآن کا سیٹ بطور ہدیہ پیش کیا۔ اس موقع پر ڈپٹی سکریٹریز کراچی یونس بارائی،راشد قریشی،  جماعت اسلامی کراچی کے ڈائریکٹر امور خارجہ نوید علی بیگ،کو آرڈینیٹر پبلک ایڈ کمیٹی جماعت اسلامی کراچی منظر عالم، سکریٹری اطلاعات زاہد عسکری ودیگر بھی موجود تھے۔حافظ نعیم الرحمن نے کہاکہ جماعت اسلامی ہمیشہ سے مظلوموں اور محروموں کے ساتھ ہے اور آئندہ بھی ساتھ رہے گی،آپ جماعت اسلامی سے اپنے تعلق کو مضبوط کریں،ملک میں عدل و انصاف کے قیام اور دین کے نفاذ کے لیے جماعت اسلامی کی جدوجہد میں شامل ہوجائیں۔وطن واپس لوٹنے والے ماہی گیروں میں جمیل احمد ولد غلام مصطفی،عبد الواحد ولد عبد الشکور،عبد اللہ ولد جمیل احمد،نواب ولد نواز ودیگر شامل تھے۔انہوں نے بتایا کہ سمندری راستوں میں طغیانی کے باعث ہماری کشتی خراب ہوگئی تھی جس کے باعث ہم راستہ بھٹک گئے اور قریباً ایک ماہ تک سمندر میں ہی بے یارومددگار پھنسے رہے۔جماعت اسلامی کے شکر گزار ہیں جنہوں نے انڈونیشیا کے سفارتخانے سے رابطہ کر کے ہمیں رہا کروانے اور وطن واپس لانے کے لیے بات چیت کی جس کے نتیجے میں آج ہم اپنوں کے درمیان موجود ہیں۔انہوں نے کہاکہ ہمارے ساتھ ہمارے بچے بھی تھے جن کے پاس سفری دستاویزات (قومی شناختی کارڈ)نہ ہونے کی وجہ سے اندونیشین سفارتخانے میں روک لیا  گیا تھا جس کے بعد جماعت اسلامی کراچی کے شعبہ بین الاقوامی امور اور منظر عالم کی کوششوں سے ان بچوں کے متبادل دستاویزات کی فراہمی کی وجہ سے انہیں بھی واپس وطن لایا گیا۔انہوں نے بتایا کہ انڈونیشیا کی حکومت نے ہمیں ایمیگریشن آفس میں ٹھہرایا تھا جہاں ہمیں تمام بنیادی ضروریات فراہم کی گئیں ہمیں اہل خانہ سے رابطے کے لیے انٹرنیٹ،موبائل سمیت تمام سہولیات فراہم کیں اور ہمارے ساتھ بہت ہی اچھا سلوک روارکھا گیا۔آخر میں حافظ نعیم الرحمن نے پاکستانی ماہی گیروں کی بخیریت وطن واپس آنے پر دعائے خیر کی۔#

مزید :

صفحہ آخر -