سندھ کیلئے 246ارب کے ترقیاتی پیکیج کا اعلان خوش آئند ہے، عمران قریشی
حیدرآباد(بیورورپورٹ)پاکستان تحریک انصاف ضلع حیدرآباد کے صدر عمران قریشی نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان نے سندھ کیلئے 246ارب روپے کے ترقیاتی پیکیج کا اعلان کرکے یہ ثابت کردیا ہے کہ وہ سندھ کے عوام کو ترقی کی طرف گامزن کرنا چاہتے ہیں۔ اس اعلان میں سندھ میں 160دیہاتوں کو گیس کی فراہمی کے علاوہ ڈیجٹیل اسکل ٹریننگ پروگرام کے تحت سندھ کے ایک لاکھ سے زائد طلباء کو تربیت دیئے جانے سمیت دیگر ترقیاتی منصوبے شامل ہیں۔ وزیراعظم عمران خان کے اس تاریخی اعلان کے بعد پیپلزپارٹی نے اس کا خیرمقدم کرنے کے بجائے اپنا روایتی کردار ادا کرتے ہوئے اس تاریخی پیکیج کو متنازعہ بنانے کی کوششیں شروع کردی ہیں۔ انہوں نے کہاکہ پیپلزپارٹی سندھ میں نہ تو خود تعمیر وترقی کے کام کرنا چاہتی ہے اور نہ ہی وفاقی حکومت کو کرنے دیتی ہے۔ کیونکہ وڈیروں، جاگیرداروں پر مشتمل پیپلزپارٹی سندھ میں غربت، جہالت اور مسائل برقرار رکھ کر برسہا برس سے سیاست کررہی ہے۔ وہ سندھ کے عوا م کو اپنا غلام اور سمجھتی ہے۔ انہوں نے کہاکہ پی ٹی آئی نے روز اول سے سندھ میں بہتری اور خوشحالی لانے کا تہیہ کیا ہوا ہے اور یہ موجودہ پیکیج اسی کی کڑی ہے۔ انہوں نے کہاکہ سندھ کی اصل تباہی کے ذمہ دار پیپلزپارٹی کی وڈیرہ شاہی حکومت ہے جو سندھ کو تباہ وبرباد کرکے خود خوشحال ہوگئی ہے۔ وزراء، اراکین اسمبلی اور پارٹی عہدیداروں کے اثاثوں میں ہر آنے والے وقت کے ساتھ اضافہ ہور ہا ہے۔