پاکستان کی سویڈن ، ہالینڈ میں اسلامو فوبیا کے واقعات کی مذمت
پاکستان ( ڈیلی پاکستان آن لائن ) پاکستان نے سویڈن اور ہالینڈ میں اسلامو فوبیا کے واقعات کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ایسے افعال آزادی اظہار رائے کے تحت نہیں آتے۔
نجی ٹی وی" ہم نیوز "کے مطابق ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ سویڈن میں ریلیوں کے دوران قرآن پاک کی بے حرمتی کا گھناؤنا فعل انتہائی قابل مذمت ہے،ایک ڈچ سیاستدان کے اسلام، مسلمانوں کے مقدس ماہ رمضان میں قرآن کی بے حرمتی کی شدید مذمت کرتے ہیں،یہ انتہائی بے ہودہ اشتعال انگیز اسلامو فوبک افعال ہیں۔
نجی ٹی وی کے مطابق ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ یہ واقعات دنیا کے 1.5 ارب مسلمانوں کے جذبات کو ٹھیس پہنچانے کے علاوہ کچھ نہیں،پاکستان سمیت تمام مسلمان اسلام، عیسائیت اور یہودیت کی توہین کی مذمت کرتے ہیں، انسانی حقوق کے عالمی قوانین نفرت انگیز تقریر سے اجتناباور تشدد پر اکسانے سے روکتے ہیں، پاکستان مذہب یا عقیدے کی بنیاد پر تشدد کے خلاف کھڑا ہے،پاکستان کے تحفظات سے سویڈن اور ہالینڈ کے حکام کو آگاہ کر دیا گیا ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق ڈچ، سویڈش حکام پاکستانی عوام، دنیا بھر کے مسلمانوں کے جذبات کا ادراک کریں،اسلامو فوبک واقعات کی روک تھام کے لیے اقدامات کریں،عالمی برادری انسانیت کی بہتری،پرامن معاشروں کی تعمیر کے لیے یکجہتی اور عزم کا مظاہرہ کرے،اسلام اور مسلمانوں کےخلاف حملےآزادی اظہار رائے کے تحت نہیں آتے۔