پیپلزپارٹی توانائی بحران سے اپنا دامن نہیں چھڑاسکتی :میاں غلام مصطفی
لاہور(پ ر) مسلم لیگ (ن) کے ممتازرہنما میاں غلام مصطفی نے کہا ہے کہ پیپلزپارٹی توانائی بحران سے اپنا دامن نہیں چھڑاسکتی۔بلاشبہ توانائی بحران فوجی آمر پرویز مشرف کے دورآمریت میں شروع ہوا تھامگر پیپلزپارٹی کی نااہلی اورعدم دلچسپی سے یہ شدت اختیار کرگیا ۔ پیپلزپارٹی کے دوراقتدارمیں بجلی کاایک بھی یونٹ پیدانہیں ہوا،صدرزرداری اوران کے حواری کب تک اپنی ناکامیوں کاملبہ اپنے پیشرو آمرپرگراتے رہیں گے۔قوم کاپیسہ قومی منصوبوں پرصرف کرنے کی بجائے حکمرانوں کی تجوریاں میں جارہا ہے ۔اگراقتدارکے اعلیٰ ایوانوں میں کرپشن کابازارگرم نہ ہوتا توآج ایٹمی پاکستان اندھیروں میں نہ ڈوباہوتا۔اپنے ایک بیان میں میاں غلام مصطفی نے مزید کہاکہ جوحکومت عوام کی نظروں سے گرجائے اسے گرانے کیلئے زیادہ زورنہیں لگاناپڑتا۔پاکستان میں جمہوریت کی بقاءاورتسلسل کاکریڈٹ مسلم لیگ (ن) اورمیاں نوازشریف کوجاتا ہے۔