عدلیہ کے نام پر سیاست چمکانے والے انتخابات کا انتظار کریں: چودھری اسلام

عدلیہ کے نام پر سیاست چمکانے والے انتخابات کا انتظار کریں: چودھری اسلام

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور (نمائندہ خصوصی) وزیراعظم کے معاون خصوصی وپیپلزپارٹی کے مرکزی رہنما چوہدری محمد اسلم گل نے کہا ہے کہ عدلیہ کے نام پر سیاست چمکانے والے آئندہ انتخابات کا انتظار کریں اداروں کے پیچھے چھپ کر پارلیمنٹ پروار نہ کریں۔ ن لیگ کی عدلیہ کے سہارے اقتدار میں آنے کی خواہش کبھی پوری نہیں ہوگی کیونکہ شریفوں کی جعلی شرافت کا بھانڈہ عوام میں پھوٹ چکا ہے اور وہ اب انکے کسی فریب میں نہیں آئیں گے۔ یہ بات انہوں نے پیپلزلیبر بیورو پنجاب کے ترجمان وسیکرٹری اطلاعات محمد سلیم مغل کے ہمراہ پارٹی کے میڈیا آفس سے جاری مشترکہ بیان میں کہی کہ جمہوریت سے ہٹنے والی مسلم لیگ ن کو اندازہ ہوگیا ہے کہ ایک بار پھر پیپلزپارٹی کی حکومت بھاری مینڈیٹ لیکر برسراقتدار آئے گی۔ کیونکہ پیپلزپارٹی شہید بے نظیر بھٹو کے وژن کے مطابق غریب عوام کی خدمت کے منصوبوں پر عمل پیرا ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ دور میں بھی جنوبی پنجاب کے غریب عوام کو پسماندہ ہی رکھنے میں بعض سیاستدانوں نے کوئی کسر نہیں چھوڑی پنجاب حکومت جو کہ صوبہ کو ترقی کی اعلیٰ ترین سطح تک لے جانے کا دعویٰ کرتی ہے اس کے دعوے برس ہابرس سے جنوبی پنجاب کے غریب عوام سے مذاق کے مترادف ہیں۔