ہنزہ بلاک اقبا ل ٹاﺅن میں جابجا گندگی ،سٹرکیں ٹوٹ پھوٹ کا شکار

ہنزہ بلاک اقبا ل ٹاﺅن میں جابجا گندگی ،سٹرکیں ٹوٹ پھوٹ کا شکار

لاہور( اپنے نمائندے سے ) شہرکے پوش علاقہ علامہ اقبال ٹاﺅن کے ہنزہ بلاک میں جا بجا گندگی کے ڈھیر اور ٹوٹی پھوٹی سڑکیں کسی دیہی علاقہ کا منظر پیش کررہی ہیں۔ بارش کا پانی کئی روز سے کھڑا جوہڑ میں تبدیل ہوچکا ہے۔ علاقہ میں صفائی کے ناقص انتظامات اور ترقیاتی کام نہ ہونے کے باعث ڈینگی نے سر اٹھالیا ہے اور کئی لوگ ڈینگی میں مبتلا ہوچکے ہیں۔ جبکہ گزشتہ سال بھی اس صورتحال کے باعث اس علاقے کے درجنوں افراد ڈینگی کی نذر ہوکر موت کے منہ میں چلے گئے تھے۔ گزشتہ روز پیدا ہونے والی صورتحال کے بعد علاقہ کے سینکڑوں مکین ایل ڈی اے اور واسا سمیت دیگر اداروں کے خلاف سراپا احتجاج بن گئے ہیں اور اس صورتحال کی فوری درستگی کا مطالبہ کیا ۔ علاقہ کے رہائشی محمد امجد نذیر کھوکھر، سلطان احمد، شہزاد علی،وقاص اور ارشد نے روز نامہ پاکستان سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ عرصہ دراز سے واسا حکام کو اس جوہڑ کے حوالے سے درخواستیں دے دے کر تھک چکے ہیں جبکہ رات گئے بھی اس جوہڑ میں اندھیرے کی وجہ سے درجنوں بچے اور خواتین گر کر زخمی ہوچکی ہیں۔ اس کے علاوہ اس گندے پانی سے ڈینگی کا لاروا نکل رہا ہے۔ ڈی سی او لاہور اور کمشنر لاہور ورکشاپوں پر جاکر ڈینگی کو ڈھونڈ رہے ہیں حمزہ بلاک میں داخل ہوتے ساتھ ہی ڈینگی کے لاروے نظر آئیں گے جبکہ واسا اور ایل ڈی اے سمیت دیگر اعلی حکام کی غفلت کے باعث حمزہ بلاک کے سینکڑوں رہائشیوں کی زندگیاں بھی خطرے میں پڑ چکی ہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ وزیر اعلی پنجاب نوٹس لیں۔

مزید : میٹروپولیٹن 1