کامرہ ائیر بیس حملہ سرچ آپریشن جاری ، 5غیر ملکیوں سمیت 40مشتبہ افراد گرفتار

کامرہ ائیر بیس حملہ سرچ آپریشن جاری ، 5غیر ملکیوں سمیت 40مشتبہ افراد گرفتار

واہ کینٹ /لاہور/پشاور ( این این آئی) کامرہ ایئر بیس حملے کے بعد ممکنہ دہشتگردی کے خدشے کے پیش نظر قانون نافذ کرنےوالے اداروںں نے سرچ آپریش کا دائرہ مزید وسیع کردیا ہے‘سر چ آپریشن کے دوران 40سے زائد مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا ہے جن میں پانچ غیرملکی باشندے بھی شامل ہیں جن کا تعلق افغانستان سے بتایا جا رہا ہے۔ سحری کے وقت اچانک شروع ہونے والے سرچ آپریشن کے دوران واہ کینٹ کے مختلف علاقو ں میں پولیس نے رہائش پذیر افراد کی چھان بین کی اور ان کے کوائف جمع کئے۔ ذرائع کے مطابق پولیس نے مہمان آئے ہوئے افراد کی بھی چھان بین کی۔ جن مشکوک افراد کو حراست میں لیا گیا ہے وہ اپنی شناختی دستاویزات پیش نہیں کرسکے جبکہ ممکنہ دہشت گردی کے خطرے کے پیش نظر راولپنڈی کے حساس علاقوں سمیت مختلف رہائشی اور تجارتی علاقوں میں پولیس کو ہدایت جاری کی گئی ہے کہ وہ ان علاقوں میں گھر گھر سرچ آپریشن کریں۔سخت حفاظتی انتظامات کے سلسلہ میں پاکستان ایرو ناٹیکل کمپلیکس کی جانب صرف ان افراد کو آنے کی اجازت ہے جنہیں ائیر فورس کی طرف جاری خصوصی کارڈ جاری کئے گئے ہیں۔ پولیس اور دیگر ایجنسیوں کے اہلکاروں نے پنڈ سلیمان مکھن، کامرہ ، گوندل، ہٹیاں اور ملحقہ علاقوں میں سرچ آپریشن شروع کررکھا ہے اوراس آپریشن کی نگرانی ڈی پی او اٹک ہلال خان کر رہے ہیں۔ ضلع بھر کی تمام اہم تنصیبات، سرکاری دفاتر اورغیر ملکیوں کی رہائش گاہوں پر مامور سیکیورٹی ڈیوٹی کو انتہائی الرٹ کر دیا گیا ہے۔ نجی ٹی وی نے ذرائع کے حوالے سے بتایا ہے کہ دوسری کامرہ ائیر بیس پر حملے کے ملزموں میں سے چند کے قریبی عزیز پنجاب میں رہائش پذیر ہیں جن کے کوائف اور تصاویر اکھٹی کی جارہی ہیں۔

مزید : صفحہ اول