کوئٹہ شہر تباہی سے بچ گیا ‘ناکے پر خودکش بمبارنے خود کو اُڑا دیا،5اہلکار شہید

کوئٹہ شہر تباہی سے بچ گیا ‘ناکے پر خودکش بمبارنے خود کو اُڑا دیا،5اہلکار ...

کوئٹہ ( این این آئی)ایف سی اہلکاروں نے اپنی جانوں کا نذرانہ دیکر کوئٹہ کو بڑی تباہی سے بچا لیا‘قمبرانی روڈ پر مشتبہ گاڑی میں دھماکے سے پانچ سکیورٹی اہلکار شہید جبکہ ایک دہشتگردبھی ہلاک ہو گیا ۔بتایا گیاہے کہ ایف سی کے اہلکاروںنے شریف آباد چوکی کے قریب کوئٹہ جانےوالی ایک کار کو مشکوک جان کر روکا تو ڈرائیور نے گاڑی بھگا دی‘ سکیورٹی اہلکاروں نے تعاقب کر کے کار کو گھیرے میں لے لیا جس پر کار سوار نے فائر کھول دیا، سکیورٹی اہلکاروں نے جوابی کارروائی کی تو کار سوار نے خود کو دھماکے سے اڑا دیا جس سے پانچ سکیورٹی اہلکار شہید ہو گئے۔ دھماکہ اتنا شدید تھا کہ اس کی آواز کئی کلو میٹر دور تک سنائی دی اور گاڑی کے پرزے اور انسانی اعضا دور دور تک بکھر گئے۔ واقعے کے بعد سکیورٹی فورسز نے علاقے کا محاصرہ کر لیا جبکہ دھماکے کی جگہ سے ملنے والی دہشتگرد کی لاش کو سکیورٹی فورسز نے تحویل میں لے لیا۔ ایس ایچ او شالکوٹ مختیار احمد کے مطابق پولیس کو دھماکے کی جگہ سے 3 دستی بم اور ایک پستول بھی ملا ہے۔پولیس نے تباہ شدہ گاڑی اور اسلحے کو اپنی تحویل میں لےکر تحقیقات شروع کر دی ہیں۔

مزید : صفحہ اول