خیبر پختو نخوا میں عید آج ،ہزار ہ ڈویژن اور باقی ملک میں کل ہوگی

خیبر پختو نخوا میں عید آج ،ہزار ہ ڈویژن اور باقی ملک میں کل ہوگی

اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک + ثنا نیوز) شوال کا چاند دیکھنے کے معاملے پر مرکزی رویت ہلال کمیٹی اور پشاور کی سرکاری زونل رویت ہلال کمیٹی کے درمیان اختلاف پیدا ہو گیا۔ گزشتہ روز شوال کا چاند دیکھنے کے لئے چاروں صوبوں میں زونل کمیٹیوں کے اجلاس ہوئے۔ مرکزی رویت ہلال کمیٹی نے اعلان کیا کہ ملک کے کسی بھی حصے میں شوال کا چاند نظر نہیں آیا اس لئے عیدالفطر کل پیر کو ہو گی۔ پشاور کی زونل کمیٹی نے مرکزی کمیٹی کے فیصلے سے اختلاف کرتے ہوئے بتایا کہ ان کے پاس چاند دیکھنے کی 18 شہادتیں موجود تھیں مگر مرکزی کمیٹی نے ان سے مشورہ کئے بغیر ہی چاند نظر نہ آنے کا اعلان کر دیا۔ پشاور کی زونل کمیٹی نے صوبائی وزیر مذہبی امور سے سفارش کی کہ مرکزی کمیٹی سے رابطہ کرکے انہیں سفارش کریں کہ آج عید کا اعلان کیا جائے۔ وزیر مذہبی امور نے وزیراعلیٰ خیبر پی کے سے سفارش کر دی کہ وہ پورے صوبے میں آج سرکاری طور پر عید کا اعلان کر دیں۔ بعدازاں سینئر صوبائی وزیر اور اے این پی کے رہنما بشیر بلور مسجد قاسم علی پہنچ گئے اور انہوں نے خیبر پختونخوا کی حکومت کی جانب سے آج باقاعدہ پورے صوبے میں سرکاری سطح پر عید منانے کا اعلان کردیا۔ سرکاری سطح پر عید کا اعلان کرتے ہوئے سینئیر وزیر بشیر بلور نے کہا کہ خیبرپختونخوا کے وزیر اعلیٰ امیر حیدر خان ہوتی کی جانب سے اعلان کیا ہے کہ آج بروز اتوار سرکاری طورپر صوبہ بھر میں عید منائی جائے گی انہوںنے اس بات پر گلہ کیا کہ مرکزی رویت ہلال کمیٹی نے جلد بازی میں فیصلہ کیا ہے حالانکہ یہ ایک مدہبی معاملہ ہے انہوں نے کہاکہ زونل رویت ہلال کمیٹی کو چاند دیکھنے کی شہادتیں موصول ہوئیں مگر اس بار بھی ہماری بات نہیں مانی گئی ۔ واضح رہے کہ حسب رویت سال رواں بھی عید کا چاند دیکھنے کے حوالے سے مرکزی رویت ہلال کمیٹی اور صوبائی زونل کمیٹی کے درمیان اختلافات برقرار ہے اور ملک بھر میں 2عیدیں منانے کی روایت اس سال بھی برقرار رہی۔ خیبرپختونخوا میں آج عید منائی جائے گی جبکہ ملک بھر میں کل بروز پیر عید الفطر منائی جائے گی۔

مزید : صفحہ اول