فلم انڈسٹری کو بحران سے نکالنے کیلئے شراکت داروں نے سر جوڑ لئے

فلم انڈسٹری کو بحران سے نکالنے کیلئے شراکت داروں نے سر جوڑ لئے

اسلام آباد (اے پی پی) فلم انڈسٹری کو بحران سے نکالنے کیلئے تمام شراکت داروں نے سر جوڑ لئے ، پاکستان فلم انڈسٹری کے بحران کے باعث فلم سے وابستہ افراد شدید مالی مسائل سے دوچار رہے ہیں اور بزنس نہ ہونے کے باعث انڈسٹری سے وابستہ فنکاروں، ہدایتکاروں اور موسیقاروں نے چھوٹی سکرین کا رخ کر لیا ہے جبکہ سینما مالکان بھی بزنس نہ ہونے کے باعث سینما گھروں کو ختم کر کے شاپنگ پلازے، شادی ہالز اور شو رومز قائم کر رہے ہیں جبکہ بعض سینما گھروں نے غیر ملکی فلمیں دکھانا شروع کر دی ہیں۔ ذرائع کے مطابق فلم انڈسٹری کے بحران کے باعث انڈسٹری سے وابستہ افراد شدید مالی مسائل سے دوچار ہیں۔ اور فلمی اداکاروں، ہدایتکاروں اور موسیقاروں نے چھوٹی سکرین کا رخ کر لیا تھا۔ہے اور ریما، لیلیٰ، میرا، صائمہ، ریمبو اور بابر علی کے بعد فلم سٹار شان نے بھی نجی ٹیلی ویژن میں کمپیئرنگ کرنا شروع کر دی ہے جبکہ معمر رانا بھی ٹیلی ویژن ڈراموں میں جلوہ گر ہو رہے ہیں۔ فلم ہدایتکاروں، مصنفوں اور موسیقاروں نے بھی چھوٹی سکرین پر اپنی صلاحیتوں کے جوہر دکھانا شروع کر دیئے ہیں جبکہ پلے بیک سنگرز بھی نجی چینلوں اور ٹیلی ویژن سکرین پر اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا رہے ہیں۔ دوسری طرف بزنس نہ ہونے کے باعث سینما گھروں کے مالکان بھی شدید پریشانی سے دوچار ہیں اور بعض جگہوں پر مالکان نے سینما گھروں کو ختم کر کے شاپنگ پلازے تعمیر کرنا شروع کر دیئے ہیں جبکہ چند ایک سینما گھر میں غیر ملکی فلمیں پیش کی جا رہی ہیں۔ واضح رہے کہ پاکستان فلم انڈسٹری شدید بحران سے دوچار رہے اور موجودہ حکومت نے انڈسٹری کو بحران سے نکالنے کیلئے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات اٹھائے ہیں تاہم 18 ویں ترمیم کی منظوری کے بعد اختیارات صوبائی حکومتوں کو منتقل ہونے کے بعد اب یہ صوبائی حکومتوں کی ذمہ داری ہے کہ وہ بھی انڈسٹری کو بحران سے نکالنے میں اپنا کردار ادا کریں جبکہ فلم سے وابستہ تمام شراکت داروں نے فلم سٹوڈیوز کی رونقیں بحال کرنے کیلئے اپنا کردار ادا کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے اور اس سلسلے میں سینئر اداکاروں، ہدایتکاروں اور پروڈیوسرز نے ملکر انڈسٹری کو بحران سے نکالنے کیلئے مشاورت کا سلسلہ شروع کیا ہے۔

مزید : کلچر