دہشت گردی کے خاتمے کے لئے حکومت اور پوری قوم یکسو ہوجائے، فضل کریم

دہشت گردی کے خاتمے کے لئے حکومت اور پوری قوم یکسو ہوجائے، فضل کریم

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور (نمائندہ خصوصی( سنی اتحاد کونسل پاکستان کے چیئرمین اور رکن قومی اسمبلی صاحبزادہ فضل کریم نے کہا ہے کہ سیاسی، مذہبی اور عسکری قیادت دہشت گردی کے خاتمے کے ایجنڈے پر یکساں موقف اور مشترکہ لائحہ عمل اختیار کرے۔ پاکستان کو شام بنانے کی سازش کی جا رہی ہے۔ دہشت گردوں کی سرکوبی کے لیے خصوصی فورس بنائی جائے۔ پورا ملک دھوکہ منڈی بن چکا ہے۔ پاکستان بے پناہ وسائل کے باوجود لاتعداد مسائل میں گھرا ہوا ہے۔ ملک برباد ہو رہا ہے اور گونگے، بہرے اور اندھے حکمران اپنے مشاغل میں مصروف ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے لندن سے سنی اتحاد کونسل پاکستان کے مرکزی فنانس سیکرٹری پیر محمد اطہر القادری سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ صاحبزادہ فضل کریم نے مزید کہا کہ پن بجلی کے چھوٹے منصوبوں سے ایک سال کے اندر پانچ ہزار میگاواٹ بجلی پیدا کی جا سکتی ہے لیکن وفاقی اور صوبائی حکومتیں بجلی کی پیداوار پر توجہ دینے کی بجائے الزام تراشیوں میں مصروف ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جمہوری حکومت کے ساڑھے چار سال کے دوران ایک سو ملین ڈالرز سمندر پار بھجوا دیئے گئے ہیں۔ صاحبزادہ فضل کریم نے مطالبہ کیا کہ آصف علی زرداری اور میاں نواز شریف اپنے اور اپنے خاندان کے اندرون ملک اور بیرون ملک تمام تر اثاثوں سے قوم کو آگاہ کریں اور بیرونی ممالک میں موجود اپنے اثاثے پاکستان میں منتقل کریں۔ صاحبزادہ فضل کریم نے مزید کہا کہ پچھلے پانچ سال کے دوران سکیورٹی فورسز پر دہشت گردوں کے 122حملوں کے دوران چار ہزار فوجی جوان اور افسر شہید ہو چکے ہیں۔ فوج کا اتنا جانی نقصان 1965ءاور 1971ءکی پاک بھارت جنگوں میں بھی نہیں ہوا تھا۔ اب پانی سر سے گزرنے لگ گیا ہے اس لیے دہشت گردی کے خاتمے کے لیے حکومت اور پوری قوم یکسو ہو جائے۔ دہشت گردوں کا ایجنڈا اسلام اور پاکستان دشمنی ہے۔ صاحبزادہ فضل کریم نے کامرہ ائیر بیس پر دہشت گردوں کا حملہ ناکام بنانے پر پاک فوج کو مبارکباد دی ہے۔

مزید :

صفحہ آخر -