سیاسی جماعتیں اور مسلح افواج ملک کو غیر ملکی مداخلت سے پاک کریں ، قاضی حسین احمد

سیاسی جماعتیں اور مسلح افواج ملک کو غیر ملکی مداخلت سے پاک کریں ، قاضی حسین ...

 اسلام آباد (ثناءنیوز ) ملی یکجہتی کونسل کے صدر و سابق امیر جماعت اسلامی پاکستان قاضی حسین احمد نے کہا ہے کہ ہم پاکستان کی حکومت، تمام سیاسی جماعتوں اور مسلح افواج سے تقاضا کرتے ہیں کہ وہ اس ملک کو ہر طرح کی غیر ملکی مداخلت سے پاک کرکے اس ملک کی عزت وافتخار کو بحال کریں ۔ دنیا کی بڑی طاقتوں کے ایما ءپر فیصلے کرنے کے بجائے ملک و قوم کے مفاد میں آزادانہ فیصلے کرنے کی روش اختیار کریں ۔ملی یکجہتی کونسل کے صدر نے عید الفطر کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ ماہ رمضان المبارک کو اللہ کی فرماں برداری میں بسر کرنے والوں، عبادت گزاروں، غریبوں ومحروموں کی مدد کرنے والوں، اپنے واجبات ادا کرنے والوں اوراللہ سے طلبِ مغفرت و رحمت کرنے والوں کی خدمت میں عید سعید کی مبارک باد پیش کرتا ہوں۔آج جبکہ ہم عید منا رہے ہیں ہمارا وطن پاکستان اور عالم اسلام مشکل حالات میں گھرا ہوا ہے اور ان تمام مشکلات کی بنیادی وجہ باہمی اعتماد و یکجہتی کی کمی اور عالم اسلام میں اغیار کی بے جامداخلت ہے۔ ضرورت اس بات کی ہے کہ ہم اپنے لیے ایسے حکمرانوں کا انتخاب کریں جو اللہ پر ایمان رکھتے ہوں اور اس ایمان کی وجہ سے ان کی روح آزاد ہو اور وہ غیروں کے احکام ماننے کے بجائے اپنے اللہ کے حکم کے مطابق عمل کریں ۔

مزید : صفحہ آخر