عام انتخابات فوج کی نگرانی میں کرائے جائیں‘سپریم کورٹ مانیٹرنگ کرے ‘ پرویز مشرف

عام انتخابات فوج کی نگرانی میں کرائے جائیں‘سپریم کورٹ مانیٹرنگ کرے ‘ پرویز ...

کراچی(این این آئی )آل پاکستان مسلم لیگ کے قائد پرویز مشرف نے کہا ہے کہ ملک کے موجودہ مسائل کا حل صاف او رشفاف انتخابات ہیں‘ غیر جانبدار نگران حکومت کا قیام عمل میں لا کر فوج کی نگرانی میں انتخابات کرائے جائیں جبکہ سپریم کورٹ اس کو ما نیٹر کرے ‘ پاکستان کو روشن مستقبل کی طرف لیجانے کیلئے انتہا پسندی سے بچانا ہوگا اور وطن کے دشمنوں سے نمٹنے کے لئے تمام وسائل بروئے کار لانا ہونگے ‘اب ہمیں اس بات کو سمجھ لینا چاہئے کہ عالمی دہشتگردی کے خلاف جنگ کسی اور کی نہیں بلکہ ہماری اپنی ہے‘18اگست کو اس لئے استعفیٰ دیا تھا کہ اب شاید ملک کو میری مزیدضرورت نہیں ہے اور خدا حافظ کہہ کر گیا تھااور اب چار سال بعد قوم دیکھ رہی ہے کہ ملک کا واقعی خدا حافظ ہو گیاہے‘اے پی ایم ایل انتخابات میں بھر پور طریقے سے حصہ لے گی۔وہ اے پی ایم ایل کرا چی ڈویژن کی جانب سے صحافیوں اور کارکنوں کے اعزاز میں دیئے گئے افطار ڈنر سے ویڈیوخطاب کر رہے تھے۔ مر کزی سیکرٹری اطلاعات آسیہ اسحاق‘سےکرٹری سندھ محمد علی جعفری‘کراچی ڈویزن کے صدر کنور ارشد‘جنرل سےکرٹری کراچی ڈویزن سمیع باری اور دیگر اس مو قع پر مو جود تھے۔پرویز مشرف نے کہا کہ میرے ملک سے جانے کے بعد ان حکمرانو ں کی ناقص پالیسیوں کی بدولت معیشت اس قدر تباہ ہو چکی ہے کہ بیرونی سرمایہ کار پاکستان کا رخ کرنے سے کتراتا ہے۔ملک ترقی کرنے کی بجائے دہشتگردی اور فرقہ واریت کی لپیٹ میں آ چکا ہے۔

مزید : صفحہ آخر