پی ایچ ایف ویمن ونگ کی ڈاکٹر بشریٰ متین کو تمغہ امتیاز ملنے پرمبارکباد
لاہور (اے پی پی)پاکستان ہاکی فیڈریشن ویمن ونگ کی سیکرٹری تنزیلہ عامر چیمہ نے کہا ہے کہ ڈاکٹر بشریٰ متین نے تمغہ امتیاز حاصل کرکے خواتین کھلاڑیوں اور عہدیداروں کے سر فخر سے بلند کردیئے ہیں۔صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ بشریٰ متین کے تمغہ امتیاز حاصل کرنے سے خواتین کھلاڑیوں کی بہت حوصلہ افزائی ہوئی ہے اور ان میں کھیلوں کے شعبہ میں آگے بڑھنے کا جذبہ پیدا ہوگا ۔علاوہ ازیں پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدر قاسم ضیاء،سیکرٹری آصف باجوہ اور پروین سکندر گل نے بھی پنجاب ویمن ہاکی ایسوسی ایشن کی سابق صدر اور پی ایچ ایف کانگرس کی ممبر ڈاکٹر بشریٰ متین کو حکومت پاکستان کی طرف سے 14اگست کو تمغہ امتیاز دیئے جانے پر مبارکباد دی ہے ۔انہوں نے کہا کہ ویمن ہاکی کیلئے ان کی خدمات گرانقدرہیں۔